عید گاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات

اسٹاف رپورٹر  اتوار 19 اگست 2012
 ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس کے8ہزار اہلکار عید کے موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ فوٹو: فائل

ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس کے8ہزار اہلکار عید کے موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ فوٹو: فائل

کراچی: عیدالفطر کے موقع پر پولیس نے شہر بھر میں عید گاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں پر سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے ہیں جبکہ اس عیدالفطر کے موقع پر پہلی مرتبہ پولیس کی جانب سے غیر ملکی سفارتخانوں، میڈیا کے دفاتر، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس کے دفاتر پر بھی خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس کے8ہزار اہلکار عید کے موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، انھوں نے بتایا کہ عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹیوں کے لیے سندھ ریزرو فورس کے3ہزار اضافی اہلکار بھی طلب کرلیے گئے ہیں انھوں نے بتایا کہ شہر بھر میں موجود عید گاہ، نماز عید کے اجتماعات، مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں،تفریح گاہوں، فاسٹ فوڈ ریسٹورانٹ، غیر ملکی قونصل خانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر، پولیس کے دفاتر، سپارکو، کینپ، اخبارات اور ٹی وی چینلز کے دفاتر کے اطراف بھی سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ عیدالفطر کے تینوں دن شہر میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ریپڈ ریسپانس فورس اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے ڈھائی ہزار سے زائد پولیس کمانڈوز کو بھی شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔