سرکلر ریلوے ٹریک کی بحالی میں 3 سال لگیں گے، ریلوے افسر ارشد اسلام

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 14 دسمبر 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 کراچی: پاکستان ریلوے کے ڈویژنل سپرینٹنڈنٹ ارشد اسلام خٹک نے کہا ہے کہ نئے ڈیزائن اور شہر کی موجودہ صورتحال کے مطابق سرکلر ریلوے ٹریک کو بحال ہونے میں 3 سال لگیں گے۔

ڈویژنل سپرینٹنڈنٹ ریلوے ارشد اسلام خٹک نے بتایا ہے کہ سرکلر ریلوے لاگت کی بحالی کا ابتدائی تخمینہ 2 ارب 90 کروڑ ڈالر لگایا گیا،پرانی پٹڑیاں کسی کام کی نہیں رہیں ،سرکلر ریلوے کا بالکل نیا ٹریک بچھانا ہوگا جس میں 29 پھاٹکوں پر بالائی گزرگاہیں تعمیر ہوںگی مجموعی طور پر 14 کلومیٹر ٹریک بالائی گزرگاہوں سے گزرے گا۔

سرکلر ریلوے ٹریک سے تجاوزات ہٹانے کے کام کا معائنہ کرنے کے لیے غریب آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن کو اطمینان بخش قرار دیا۔

ارشد اسلام خٹک نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے کی خصوصی ہدایت ہے کہ جانی یا مالی نقصان کے بغیر ٹریک کو تجاوزات سے پاک کیا جائے،سپریم کورٹ کی ہدایت پر تجاوزات ہٹانے کے لیے45روز کا نوٹس دیا جائے گا،ارشد اسلام خٹک نے ٹریک کے اطراف رہائش پذیر افراد سے بھی ملاقات کی اور متبادل رہائش کے بغیر رہائشی تجاوزات کو نہ ہٹانے کی یقین دہانی کرائی۔

دریں اثنا غریب آبادپھاٹک سے لیاقت آباد اسٹیشن کی طرف ملبہ اور کچرا ہٹانے کا کام شروع کیا گیا جو جمعہ کو بھی جاری رہے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔