امریکا؛ طیارے میں خاتون پر جنسی حملہ کرنے والے بھارتی شہری کو 9 سال قید

ویب ڈیسک  جمعـء 14 دسمبر 2018
بھارتی شخص اپنی اہلیہ کے ہمراہ امریکا کے لیے محو پرواز تھا (فوٹو : انٹر نیٹ)

بھارتی شخص اپنی اہلیہ کے ہمراہ امریکا کے لیے محو پرواز تھا (فوٹو : انٹر نیٹ)

 واشنگٹن: امریکی عدالت نے پرواز کے دوران مسافر خاتون پر جنسی حملے کے الزام میں گرفتار بھارتی شخص کو 9 سال قید کی سزا سنا دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی عدالت نے پربھو راما مورتی نامی 34 سالہ بھارتی شخص کو طیارے میں سوتی ہوئی خاتون مسافر پر جنسی حملہ کرنے کا الزام ثابت ہونے پر 9 سال قید کی سزا سنادی۔ سزا مکمل کرنے کے بعد بھارتی شخص کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

خاتون نے طیارے کے عملے کو بتایا کہ میری گہری نیند اور نشے میں ہونے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے مذکورہ شخص نے مجھ پر جنسی حملہ کیا جس پر ایئرپورٹ عملے نے بھارتی شخص کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی شخص نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میں نے کچھ بھی جان بوجھ کر یا منصوبہ بندی کے ساتھ نہیں کیا بلکہ یہ غلطی مجھ سے نیند میں سرزد ہوئی ہے جس پر خاتون سے بھی معافی چاہتا ہوں۔

مسافر خاتون کے برابر میں پربھو اور پربھو کے برابر والی نشست پر اس کی اہلیہ بیٹھی تھی جس نے عدالت کو بتایا کہ لینڈنگ سے پہلے جب ہماری آنکھ کھلی تو مسافر خاتون میرے شوہر کے گھٹنوں پر سو رہی تھی ہم نے نشست کی تبدیلی کی درخواست بھی کی۔

طیارے کے عملے نے اپنے بیان میں پربھو اور پربھو کی اہلیہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ نشست کی تبدیلی کے لیے درخواست جنسی حملے کا شکار ہونے والی خاتون نے کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔