جونیئر ہاکی ورلڈ کپ ہر 2 سال بعد کرانے کا فیصلہ

میاں اصغر سلیمی  جمعـء 14 دسمبر 2018
بھارت میں منعقدہ اجلاس میں شرکا نے سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کی تجویز کو باہمی اتفاق رائے سے منظور کرلیا (فوٹو: فائل)

بھارت میں منعقدہ اجلاس میں شرکا نے سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کی تجویز کو باہمی اتفاق رائے سے منظور کرلیا (فوٹو: فائل)

نئی دہلی: پاکستان کی تجویز پر جونیئر ہاکی ورلڈ کپ اب ہر 2 سال بعد منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایف آئی ایچ کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس بھارت میں منعقد ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر نے کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ دنیائے ہاکی کے مستقبل کا زیادہ تر دارومدار نئے کھلاڑیوں پر ہے، اس لیے جونیئرز کی سطح پر زیادہ سے زیادہ ایونٹس کے انعقاد کو ممکن بنایا جانا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری پی ایچ ایف کی طرف سے تجویز دی گئی کہ جونیئر ورلڈ کپ ہر دوسال کے بعد کروایا جانا چاہیے۔ اجلاس کے شرکاء نے شہباز سینئر کی تجویز کو باہمی اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔

یاد رہے کہ جونیئر ورلڈ کپ کا آغاز 1979ء میں فرانس میں ہوا تھا، ورلڈ کپ کے ابتدائی 3  ایڈیشنز کا انعقاد ہر 3 سال کے بعد کیا گیا تاہم 1985ء سے لے کر 2013ء تک عالمی کپ ہر 4 سال کے بعد ہوتا رہا تاہم بھارتی شہر لکھنو میں ورلڈ کپ کا انعقاد 3 سال کے بعد ہوا جب کہ اب پی ایچ ایف کی تجویز کے بعد یہ ورلڈ کپ اب ہر 2 سال کے بعد ہوا کرے گا۔

واضح رہے کہ جرمنی کو سب سے زیادہ 6 بار، بھارت کو 2 بار جبکہ پاکستان ، آسٹریلیا اور ارجنٹائن کو ایک، ایک بار جونیئر ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔