فلسطین میں ایک اور نوجوان شہید، دو روز میں تعداد 4 ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 دسمبر 2018
فلسطین کے نوجوان کسی بھی طاقت کو اپنے گھروں پر قابض ہونے نہیں دیں گے اپنا دفاع کریں گے، حماس (فوٹو : فائل)

فلسطین کے نوجوان کسی بھی طاقت کو اپنے گھروں پر قابض ہونے نہیں دیں گے اپنا دفاع کریں گے، حماس (فوٹو : فائل)

 غزہ: فلسطین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان کی شہادت کے بعد دو دن میں شہادتوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رملہ میں جاری سرچ آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا اس طرح 2 دنوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

گزشتہ روز اسی علاقے میں چھ گھنٹے کے طویل سرچ آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے تین فلسطینی نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ محاصرے کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان چاروں فلسطینی نوجوانوں نے کار میں سوار ہو کر ایک بس اسٹاپ کے قریب شہریوں پر گولیاں برسائی تھیں جس کے نتیجے میں 2 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

حماس نے غیر قانونی آباد کاری والے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطین کے نوجوان کسی بھی طاقت کو اپنے گھروں پر قابض ہونے نہیں دیں گے اور اپنے بنیادی حقوق کا دفاع کریں گے۔

اسرائیلی فوج کی جارحیت سے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے پر حالات نہایت کشیدہ ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے چیک پوسٹس پر نفری میں اضافہ کردیا ہے اور بلا وجہ شہریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔