مفت اسکول قائم کرنے والا 12 سالہ بچہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 دسمبر 2018
ارجنٹینا کا 12 سالہ بچہ لیونارڈو خود پڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنا اسکول بھی چلاتا ہے۔ فوٹو: اوڈٹی سیںٹرل

ارجنٹینا کا 12 سالہ بچہ لیونارڈو خود پڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنا اسکول بھی چلاتا ہے۔ فوٹو: اوڈٹی سیںٹرل

ارجنٹینا: ارجینٹیا کے ایک نوعمر طالبعلم نے پوری دنیا کو حیران کردیا ہے۔ وہ نہ صرف اسکول میں پڑھتا ہے بلکہ اس نے کم عمری میں ایک نجی اسکول قائم کیا ہے جہاں غریب بچے مفت تعلیم حاصل کرتے ہیں اور بعض بالغان بھی علم سے منور ہورہے ہیں۔

12 سالہ لیونارڈو نائکونار کوئنٹیروس تعلیم سے انتہائی شغف رکھتےہیں اور یہی شمع لوگوں میں بھی روشن کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بعض بچوں کو دیکھا جو اسکول میں مشکل سے پڑھ رہے تھے اور بعض بچوں کو سڑکوں پر وقت برباد کرتا دیکھ کراسے افسوس ہوتا ہے۔ یہ علاقہ انتہائی غریب اور پسماندہ ہے۔

ایک سال قبل اس نے اپنی دادی رومانہ سے کہا کہ وہ اپنے گھر کے ایک گوشے میں اسکول کھولنا چاہتا ہے۔ ان کی مدد سے اس نے اسکول کھولا اور دھیرے دھیرے وہاں بچے جمع ہونا شروع ہوگئے۔ اس وقت اسکول میں 40 بچے ہیں۔ اسکول کے استاد اور پرنسپل بھی لیونارڈو ہی ہیں۔ اب وہ بہت خوش ہیں کہ معاشرے میں انہوں نے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔

اب پڑوس کے لوگ بھی ان کی مدد کو آچکے ہیں اور اسکول روزبروز بہتر ہوتا جارہا ہے۔ اب وہاں لائبریری، ڈیسک اور لاکر روم بھی آگئے ہیں۔ حال ہی میں اسکول میں ساؤنڈ سسٹم لگایا گیا ہے جہاں روزانہ قومی ترانہ پڑھا جاتا ہے۔

لیونارڈو بچوں کو ریاضی اور گرامر پڑھاتے ہیں۔ اگر بچے شام میں نہیں آتے تو وہ انہیں رات کے وقت گھر پر بلاکر پڑھاتا ہے۔ اس کی خواہش ہے کہ کوئی بچہ کسی سے پیچھے نہ رہ جائے۔ اب یہ حالت ہے کہ لیونارڈو باقاعدگی سےبچوں کو پڑھاتےہیں۔ حال ہی میں بعض بالغان بھی ان کے اسکول میں داخل ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر لیونارڈو کا خوب چرچا ہے اور انہیں بے حد سراہا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔