ڈاکٹرز کا نیلسن مینڈیلا کو لائف سپورٹ مشين سے ہٹانے کا مشورہ

اے ایف پی  جمعـء 5 جولائی 2013
 ڈاکٹرز نے ایک ہفتے پہلے نیلسن مینڈیلا کے اہلخانہ کو ان کا وینٹیلیٹر ہٹانے کی تجویز دی تھی۔ فوٹو: فائل

ڈاکٹرز نے ایک ہفتے پہلے نیلسن مینڈیلا کے اہلخانہ کو ان کا وینٹیلیٹر ہٹانے کی تجویز دی تھی۔ فوٹو: فائل

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن مینڈیلا کے علاج پر مامور ڈاکٹرز نے ان کے کوما سے باہر نہ آنے پر اہلخانہ کو مینڈیلا کو لائف سپورٹ مشین سے ہٹانے کا مشورہ دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیلسن مینڈیلا کے اہلخانہ کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ایک ہفتے قبل دستاویز پیش کی گئی جس میں لکھا تھا کہ ڈاکٹرز نے نیلسن مینڈیلا کے اہلخانہ کو ان کا وینٹیلیٹر ہٹانے کی تجویز دی ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مینڈیلا مستقل کوما میں ہیں اور سانس لینے کے لئے انہیں لائف سپورٹ مشین پر رکھا گیا ہے لیکن ان کی حالت بدستور خراب ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں ہمیں ان کی تکلیف میں مزید اضافہ کرنے کے بجائے وینٹیلیٹر ہٹانے پر غور کرنا چاہیئے۔

ڈاکٹرز کے مشورے کے برعکس نیلسن مینڈیلا کے اہلخانہ اور قریبی عزیزواقارب کا کہنا ہے کہ ان کی حالت میں قدرے بہتری آئی ہے، مینڈیلا کے ساتھ سزا پانے والے ساتھی ڈینس گولڈبرگ نے بتایا کہ نیلسن مینڈیلا کی طبیعت کافی خراب ہے لیکن وہ ہوش میں ہیں اور اپنی آنکھیں اور منہ ہلا پارہے ہیں، انہوں نے یقین سے کہا کہ وہ مجھے آسانی سے پہچان بھی گئے تھے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے صدارتی ترجمان نے اس حوالے سے کوئی بیان دینے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ 95 سالہ نیلسن مینڈیلا طویل عرصے سے پھیپھڑوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور سانس لینے میں دشواری کے باعث انہیں 8 جون کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔