کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل جاری، 164 پوائنٹس کا اضافہ

بزنس رپورٹر  جمعـء 5 جولائی 2013
کراچی: اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ سیشن کے دوران بروکرز شیئر پرائس بورڈ کے نیچے بیٹھے ہیں، گزشتہ روز سیشن کے وسط میں کے ایس ای 100انڈیکس 291.36 پوائنٹس کے اضافے سے22094.22 پر پہنچ گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی: اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ سیشن کے دوران بروکرز شیئر پرائس بورڈ کے نیچے بیٹھے ہیں، گزشتہ روز سیشن کے وسط میں کے ایس ای 100انڈیکس 291.36 پوائنٹس کے اضافے سے22094.22 پر پہنچ گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی: کراچی اسٹاک مارکیٹ میں رواں کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان جاری ہے اور گزشتہ روز بھی کے ایس ای100انڈیکس میں164پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس21966پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

رواں کاروباہر ہفتے کے چار روز کے دوران اب تک انڈیکس میں 961پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا جاچکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں نے کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس 22ہزار پوائنٹس سطح سے اوپر جانے کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط نہ ماننے کے باوجود قرض کے حوالے سے مثبت پیشرفت اور وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک میں تجارتی روابط میں اضافے،چین کی جانب سے پاکستان کی مالی امداد اور توانائی کے شعبے میں مدد کے پیش نظر سرمایہ کاروں میں اعتماد پایا جاتا ہے اور سرمایہ کاروں نے آئل اینڈ گیس سیکٹر،بینکنگ،ٹیلی کام، سیمنٹ اور انرجی سیکٹر میں حصص کی بڑے پیمانے پر خریداری کی۔

مارکیٹ میں تیزی کے باعث مارکیٹ سرمائے میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ روز سرمائے میں37ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم 53 کھرب 46 ارب روپے سے زائد رہا جبکہ کاروباری حجم میں 7کروڑ96لاکھ سے زائد حصص کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد کاروباری حجم31کروڑ84لاکھ سے زائد حصص پر مشتمل رہا،مجموعی طور پر368کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں203کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،145کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 20 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

نیسلے اور مری بریوری کے حصص کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں نیسلے کے حصص کی قیمت50روپے اضافے سے6390اور مری بریوری کے حصص کی قیمت 14.24 روپے اضافے سے 303.51 روپے رہی جبکہ وائیتھ پاک کے حصص کی قیمت 59روپے کمی سے 1700اور آئی لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 27.54 روپے کمی سے 572.46روپے ریکارڈ کی گئی، کے ایس ای 30 انڈیکس 124پوائنٹس اضافے سے 16998اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 107پوائنٹس اضافے سے 15545پوائنٹس پر بند ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔