یوٹیلیٹی اسٹورز پر رعایتی اشیا کی فراہمی کے انتظامات مکمل

اے پی پی  جمعـء 5 جولائی 2013
کارپوریشن عا م دنوں میں بھی اشیا خوردونوش پر 5سے10فیصد رعایت دیتی ہے،ترجمان۔ فوٹو: فائل

کارپوریشن عا م دنوں میں بھی اشیا خوردونوش پر 5سے10فیصد رعایت دیتی ہے،ترجمان۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: رمضان المبارک کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا خوردنوش عام مارکیٹ کی نسبت 10سے 20 فیصدکم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے اس حوالے سے وفاقی حکومت کے اعلان کردہ 2 ارب روپے کے رمضان پیکج کے تحت رعایتی نرخوں پر اشیا خوردونوش کی فراہمی کیلیے تمام انتظامات مکمل کرلیے جس سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ترجمان واجد خان سواتی نے جمعرات کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 7جولائی سے رمضان ریلیف پیکج کا آغاز ہوگا جس کے تحت آٹا، گھی، خوردنی تیل،دال چنا،سفید چنے، بیسن، کجھور، چاول، چائے، مصالحہ جات،دودھ اور مشروبات کے نرخوں پر خصوصی رعائت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوا م کی سہولت کے لیے 2ارب کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے جو یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملک بھر میں پھیلے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عوام تک پہنچائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ جن اشیا خوردونوش پر سبسڈی دی گئی ہے ان میں آٹا، گھی، خوردنی تیل، دال چنا، سفیدچنے، بیسن، کجھور،چاول، چائے، مصالحہ جات، دودھ اور مشروبات شامل ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 2ارب کی سبسڈی کے نتیجے میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا بازار کی نسبت 120روپے سستا، یوٹیلیٹی گھی فی کلو 40 روپے ، خوردنی تیل فی کلو 30روپے، دال چنا فی کلو 20 روپے، سفید چنے فی کلو 25روپے، بیسن فی کلو 20 روپے،کجھور فی کلو 40 روپے، باسمتی چاول فی کلو 30روپے،سیلہ چاول فی کلو 27 روپے،ٹوٹا چاول فی کلو 17روپے،چائے فی کلو 103روپے، ٹیٹرا پیک دودھ ، مصالحہ جات اور مشروبات سستے داموںفروخت کئے جائینگے۔ واجد سواتی نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عا م دنوں میں بھی اشیا خوردونوش پر 5 سے 10فیصد تک رعایت دیتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔