2018 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے شوبز اسٹارز

ویب ڈیسک  پير 17 دسمبر 2018
2018 میں پاک بھارت کے کئی شوبز ستارے شادی کے بندھن میں بندھے فوٹوفائل

2018 میں پاک بھارت کے کئی شوبز ستارے شادی کے بندھن میں بندھے فوٹوفائل

کراچی: سال 2018 جہاں پاک بھارت فلم انڈسٹری کے لیے کئی کامیابیاں لے کر آیا وہیں شوبز انڈسٹری سے وابستہ کئی ستاروں نے ازدواجی بندھن میں بندھ کر اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔

رواں سال پاکستان اوربھارت کے کئی معروف ستارے شادی کے بندھن میں بندھے جن میں پاکستانی اداکار فیروز خان، عائشہ خان، بھارتی اداکارہ سونم کپور، دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، پریانکا چوپڑا اورکپل شرما شامل ہیں۔

فیروز خان اور علیزے

ڈراما سیریل ’خانی‘ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے نامور پاکستانی اداکار فیروز خان رواں سال مارچ میں شادی کے بندھن میں بندھے، ان کی اہلیہ علیزے فاطمہ کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے، سوشل میڈیا پر دونوں کی شادی کے چرچے جاری رہے۔

اداکارہ عائشہ خان اور میجرعقبہ

اداکار فیروز خان کی شادی کے ایک ماہ بعد اپریل میں نامور پاکستانی اداکارہ عائشہ خان بھی میجرعقبہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں، عائشہ خان نے شادی سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ شادی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیں گی۔

سونم کپور اور آنند آہوجا

رواں برس 8 مئی کو اداکارہ سونم کپور آنند آہوجا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ دونوں کی شادی کو بھارتی اور پاکستانی میڈیا کی جانب سے بھرپور کوریج ملی۔

نیہا دھوپیا اور انگد بیدی

سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی کے دوروز بعد نیہا دھوپیا بھی اپنے دوست انگد بیدی کے ساتھ خاموشی سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، دونوں کی شادی کی اطلاع مداحوں کو اس وقت ملی جب نیہا نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

ہمیش ریشمیا اورسونیا کپور

نیہا دھوپیا کی شادی کے دوروز بعد ہی بھارتی موسیقار ہمیش ریشمیا نے اپنی شادی کی خبردی۔ وہ 12 مئی کو اپنی دوست سونیا کپور کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے۔

دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ

نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کو اگر رواں سال کی سب سے بڑی شادی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، 14 اور 15 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھنے والی اسٹارجوڑی کی شادی کے چرچے کئی روز تک میڈیا میں جاری رہے۔

پریانکا چوپڑا اورنک جونز

رواں سال یکم  اور 2 دسمبر کو امریکی گلوکار نک جونز کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی سابق ملکہ حسن اور نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکاچوپڑا کی شادی بھی رواں سال بالی ووڈ کی بڑی شادیوں میں سے ایک تھی۔ پریانکا کی شادی کو نا صرف بھارتی میڈیا میں بلکہ بین الاقوامی میڈیا میں بھی بھرپور کوریج ملی، دپیکا اور پریانکا کی شادی بالی ووڈ کی مہنگی ترین شادیوں میں سے ایک تھی۔

کپل شرما اور گینی چھاتراتھ

رواں سال کے اختتام پر بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما بھی اپنی دوست گینی چھاتراتھ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ کپل کے مداحوں کو اپنے پسندیدہ اسٹار کی شادی کا بے صبری سے انتظار تھا اور شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوتے ہی کپل کو ان کے چاہنے والوں کی جانب سے نئی زندگی کے لیے مبارکباد اور نیک تمناؤں سے نوازا گیا۔

ایمن خان اور منیب بٹ

رواں سال جہاں بھارتی فنکاروں کی مہنگی شادیوں کا چرچہ رہا وہیں پاکستانی اداکارہ ایمن خان اورمنیب بٹ کی مہنگی اور طویل رسوم پر مبنی شادی بھی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی۔ بے شمار رسوم اور بے جا طوالت پر مبنی اس شادی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور پیسہ پانی کی طرح بہانے پرشدید غصے کااظہار کیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔