بالی ووڈ کامیڈین راجپال یادیو نے جیل میں قیدیوں کو بھی ہنسانا شروع کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 دسمبر 2018
راجپال یادیو اپنا زیادہ تر وقت جیل لائبریری میں گزارتے ہیں، جیل حکام فوٹوفائل

راجپال یادیو اپنا زیادہ تر وقت جیل لائبریری میں گزارتے ہیں، جیل حکام فوٹوفائل

نئی دہلی: تہار جیل میں قید بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو نے اپنی کامیڈی سے قیدیوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار راجپال یادیو جیل میں ہونے کے باوجود خود کو مزاحیہ پرفارمنس دینے سے روک نہیں پارہے۔ نئی دہلی کی تہار جیل میں گزشتہ جمعے کو ایک نشست کا انعقاد کیاگیا جس میں بھارت کے کئی شعرا کو مدعو کیا گیا راجپال یادیو نے شعرا سے ملاقات کے دوران اسٹیج پر مزاحیہ اداکاری کی جسے دیکھ کر وہاں موجود قیدی اورجیل حکام بھی ہنس پڑے۔

جیل حکام کا کہنا تھا کہ تہار جیل میں بہت عرصے بعد کوئی مشہور چہرہ آیا ہے لہٰذا اسٹیج پر بالی ووڈ اداکار کو پرفارم کرتے دیکھ کر وہاں موجود تمام لوگ حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہار جیل میں سیاستدان، کرکٹرز، گینگسٹرز اور دہشتگردوں سمیت متعدد شخصیات قید رہ چکی ہیں لیکن یہ گزشتہ دس سالوں میں  پہلی بار ہواہے کہ جیل میں ایک مزاحیہ  اداکار کی انٹری ہوئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو کو 3 ماہ قید کی سزا

ایک آفیسر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ اداکار راجپال یادیو کرسمس کے موقع پر بھی جیل میں مزاحیہ پرفارمنس دینے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ایک اورآفیسر جوگیندر سنگھ سہراوت نے راجپال یادیو کے بارے میں  کہا کہ اداکار کا رویہ جیل میں بہت اچھا ہے وہ نہ تو مطالبات کرتے ہیں اور نہ ہی دیگر قیدیوں سے خود کو الگ سمجھتے ہیں۔ راجپال یادیو اپنا زیادہ تر وقت جیل لائبریری میں گزارتے ہیں اور ہم ان کے ساتھ بالکل ویسا رویہ اختیار کرتے ہیں جیسے دیگر قیدیوں کے ساتھ۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کی ابتدا میں راجپال یادیو کو5 کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پرتین ماہ کے لیے جیل بھیجا گیاتھا۔ انہیں قیدی نمبر 252 الاٹ کیاگیا ہے اورانہیں جیل نمبر 7 میں رکھاگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔