افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 24 جنگجو، 17 شہری ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 دسمبر 2018
صوبے کنڑ اور ہلمند میں طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو : فائل

صوبے کنڑ اور ہلمند میں طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو : فائل

کابل: افغانستان اور اتحادی افواج کے طالبان کے ٹھکانوں پر دو مختلف حملوں میں 24 جنگجو مارے گئے جب کہ 17 شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں افغان سیکیورٹی فورسز اور اتحادی افواج کی دو مشترکہ کارروائیوں میں 25 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

افغانستان کے صوبے کنڑ میں مشترکہ کارروائی طالبان کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 20 جنگجو مارے گئے جب کہ 8 جنگجو اور 4 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

طالبان کے ترجمان نے بتایا کہ صوبے کنڑ میں اتحادی افواج نے نہتے شہریوں کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا جس کے باعث 17 شہری بھی ہلاک ہوئے تاہم افغان حکومت نے شہریوں کی ہلاکت کی تردید کی۔

دوسری جانب افغان صوبے ہلمند میں امریکی فوج نے ایک ڈرون حملے میں 4 مشتبہ جنگجو کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے تاہم ڈرون حملے میں مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

طالبان کی جانب سے صوبے ہلمند میں ڈرون حملے میں شدت پسندوں کی ہلاکت سے متعلق تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز ان کارروائیوں کو بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔