آج بھی استثنیٰ حاصل ہے کسی میں جرات ہے تو گرفتار کرلے، یوسف رضا گیلانی

ویب ڈیسک  جمعـء 5 جولائی 2013
مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا کوئی ادارہ نہیں، پارٹی چھوڑنے کی خبریں بہت بڑا مذاق ہیں۔ یوسف رضا گیلانی  فوٹو: آن لائن

مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا کوئی ادارہ نہیں، پارٹی چھوڑنے کی خبریں بہت بڑا مذاق ہیں۔ یوسف رضا گیلانی فوٹو: آن لائن

ملتان: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انہیں آج بھی استثنیٰ حاصل ہے اور اگر کسی میں جرات ہے تو گرفتار کرلے۔

ملتان ہائی کورٹ بار میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج بھی چیف جسٹس صاحب سے کہتا ہوں کہ میں آج بھی استثنیٰ رکھتا ہوں اگر کسی میں جرات ہے تو مجھے گرفتار کرلے، میں اپنی گرفتاری کے لئے تیار ہوں۔  انہوں نے کہا کہ وہ عدلیہ کے کسی بھی غیر آئینی اقدام کو نہیں مانتے، اسپیکر کی رولنگ کے باوجود  مجھے معزول کیا گیا جو آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ انہیں ہٹانے والوں کی ساری دنیا میں رسوائی ہوئی جس کے بعد ان کی دوسرے وزیراعظم کو ہٹانے کی ہمت نہ ہوئی جبکہ سپریم کورٹ منت کرتی رہی کہ کوئی درمیانی راستہ نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ اصغرخان کیس کے ملزم گرفتار کیوں نہیں کیے جاتے، کیا 18 کروڑ عوام کے جذبات سے کھیلنے والے آرٹیکل 6 کے زمرے میں نہیں آتے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ درج کر کے آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی ہونی چاہئے، حکومت کو 12 اکتوبر کے ہر اقدام پر پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ چلانا چاہئے،ہماری حکومت نے ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا ریفرنس عدالت بھیجا لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔  ان کا کہنا تھا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ  ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے ریفرنس کی بھی سماعت کی جائے اور ضیا الحق کے خلاف بھی بھٹو حکومت ختم کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔