کشمیری مظاہرین کے پتھراؤ کا جواب گولی سے دیں گے، بھارتی آرمی چیف

ویب ڈیسک  اتوار 16 دسمبر 2018
اپنے سپاہیوں کو حکم دیا ہے کہ پتھراؤ کے جواب میں بندوق استعمال کریں، جنرل بپن راوت فوٹو:فائل

اپنے سپاہیوں کو حکم دیا ہے کہ پتھراؤ کے جواب میں بندوق استعمال کریں، جنرل بپن راوت فوٹو:فائل

نئی دہلی: بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پتھراؤ کرنے والے مظاہرین کو گولی سے جواب دیا جائے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں آرمی چیف بپن راوت نے سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پتھراؤ کا مقابلہ ہلاکت خیز پیلٹ گن کی گولیوں سے کیا جائے گا اور پتھراؤ کرنے والے مظاہرین بھی دہشت گرد ہیں۔

جنرل بپن راوت نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی پالیسی پراصرار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پتھر بھی ایک جان لیوا ہتھیار کے طور پراستعمال ہو رہا ہے جس کے دفاع میں فائرنگ کی جا سکتی ہے، میں اپنے سپاہیوں کو پتھر سے مرنے نہیں دوں گا۔

بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ عمومی طور پر فورسز مظاہرین کو براہ راست گولیوں کا نشانہ نہیں بناتیں کیوں کہ ایسا کرنے پر اہلکاروں کو عدالت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اب صورت حال مختلف ہے اب پتھر بھی گولیوں سے کم نہیں۔

بھارتی آرمی چیف نے مزید کہا کہ جب کبھی میرےسپاہی پتھراؤ کا جواب دینے کے حوالے سے پوچھتے ہیں تو میرا یہی جواب ہوتا ہے کہ پتھراؤ کے جواب میں بندوق استعمال کریں۔

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ضلع پلوامہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر کے 11 شہریوں کو شہید کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔