کشمیری نوجوان کی بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہادت پر انڈونیشیا میں احتجاج

ویب ڈیسک  اتوار 16 دسمبر 2018
انڈونیشیا میں شہید عابد لون کی اہلیہ کے اہل خانہ نے شہریوں کے ہمراہ مظاہرہ کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

انڈونیشیا میں شہید عابد لون کی اہلیہ کے اہل خانہ نے شہریوں کے ہمراہ مظاہرہ کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

 سری نگر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے انڈونیشیا پلٹ کشمیری نوجوان کی شہادت پر انڈونیشیا میں بھی مظاہرے کیے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے گھر کے باہر کھڑے نوجوان عابد لون نے جام شہادت نوش کرلیا۔ عابد لون نے انڈونیشیا سے ایم بی اے کیا تھا اور پھر روزگار کے لیے وہیں مقیم ہوگئے تھے جہاں انہوں نے کچھ عرصے قبل مقامی خاتون سے شادی کرلی تھی۔

عابد نبی لون اپنی سرزمین کی محبت میں اہلیہ کے ہمراہ چھ ماہ قبل ہی اپنے والدین کے پاس کشمیر لوٹے تھے اور حال ہی میں کاروبار شروع کیا تھا۔ عابد نبی لون کی تین ماہ کی معصوم بیٹی ہے۔ عابد لون کی شہادت پر غیر ملکی اہلیہ غم سے نڈھال ہیں۔

عابد نبی لون کی شہادت پر انڈونیشیا میں ان کی اہلیہ کے والدین کے گھر لوگوں کا تانتا بند گیا، اپنی بیٹی کے بھری جوانی میں بیوہ ہوجانے پر افسردہ ماں نے دیگر شہریوں کے ہمراہ جکارتہ میں مظاہرہ بھی کیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینر اُٹھا رکھے تھے جس میں کشمیر میں معصوم نوجوانوں کے قتل عام کو رکوانے کے مطالبے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے شہریوں پر براہ راست فائرنگ کرکے 11 شہریوں کو شہید کردیا تھا جن میں عابد لون سمیت ایک آٹھویں جماعت کا طالب علم بھی شامل ہے۔

دوسری جانب بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے پتھراؤ کرنے والے مظاہرین کو گولی سے جواب دینے کا بیان دے کر کشمیریوں کے زخم نمک چھڑکنے کی کوشش کی ہے اور قابض بھارتی فوج کے جارحیت سے بھرے عزائم کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔