ورلڈ ہاکی لیگ، پاکستان آج ملائیشیا کے مقابل آئے گا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 6 جولائی 2013
فتح کی صورت میں پانچویں پوزیشن پانے کی امید رہے گی، سیمی فائنلز میں ارجنٹائن کا مقابلہ انگلینڈ اور جرمنی کا ٹاکرا جنوبی کوریا سے ہوگا۔  فوٹو: فائل

فتح کی صورت میں پانچویں پوزیشن پانے کی امید رہے گی، سیمی فائنلز میں ارجنٹائن کا مقابلہ انگلینڈ اور جرمنی کا ٹاکرا جنوبی کوریا سے ہوگا۔ فوٹو: فائل

جوہر بارو: ورلڈ ہاکی لیگ میں کوریا کے ہاتھوں کوارٹر فائنل میں شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونی والی پاکستان ٹیم آج پوزیشن میچ میں میزبان ملائیشیا کے مقابل ہوگی۔

میزبان سائیڈ کو زیر کرنے کی صورت میں گرین شرٹس 5ویں پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقہ اور جاپان کے مابین میچ کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے بھی آج ہی کھیلے جانے ہیں پہلے فائنل فور میں ارجنٹائن کا مقابلہ انگلینڈ اور دوسرے میں جرمنی کا کوریا سے ہوگا۔ یاد رہے کہ ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں جمعرات کو کوریا نے حیران کن طور پر پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے اپ سیٹ شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد پاکستان کا براہ راست ورلڈ کپ کھیلنے کا ارمان بھی ادھورا رہ گیا، گرین شرٹس کے پاس اب صرف ایک ہی موقع بچا ہے جس کو کارآمد بناتے ہوئے وہ براہ راست ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں اور وہ موقع ایشیا کپ ہے جس میں ٹائٹل فتح ہی گرین شرٹس کا ارمان پورا کرسکتی ہے دوسری صورت میں ورلڈ رینکنگ 5 ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔ ورلڈ ہاکی لیگ کا فائنل اتوار کو شیڈول ہے اسی روز تیسری، پانچویں اور ساتویں پوزیشن کے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔