پرتگال میں امدادی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے 4 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 16 دسمبر 2018
طبی سہولیات سے لیس ہیلی کاپٹر دل کے مریض کو اسپتال منتقل کرکے واپس جا رہا تھا۔ فوٹو : فائل

طبی سہولیات سے لیس ہیلی کاپٹر دل کے مریض کو اسپتال منتقل کرکے واپس جا رہا تھا۔ فوٹو : فائل

لسبن: پرتگال میں مریض کو ایمرجنسی میں اسپتال منتقل کرنے والا ہیلی کاپٹر واپسی میں خود حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طبی امداد فراہم کرنے پر مامور ریسکیو ہیلی کاپٹر پرتگال کے دوسرے بڑے شہر پورٹو کے پہاڑوں کی بلند چوٹیوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار عملہ ہلاک ہوگیا۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ، معاون پائلٹ، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹر 76 سالہ شخص کو دل کے دورے کے سبب پورٹو اسپتال منتقل کرکے واپس جا رہا تھا۔

ریسکیو ادارے کے اہل کاروں کو پہاڑوں کے درمیان ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے، ہلاک ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی جائے گی۔

طبی سہولیات سے لیس آسٹریلوی ساختہ ہیلی کاپٹر پرتگال میں 1997ء سے طبی امداد کی فراہمی کے لیے مامور تھا اور اس دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعے 16 ہزار 3 سو 70 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔