ویسٹ انڈیز کو زیر کرلیں گے، محمد عرفان پرُ امید

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 6 جولائی 2013
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہورہا ہے، محمد عرفان   فوٹو: فائل

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہورہا ہے، محمد عرفان فوٹو: فائل

اوکاڑہ: دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے پاکستان ٹیم میں منتخب ہونے والے پیسر محمد عرفان اور اسپنر ذوالفقار بابر پر امید ہیں کہ گرین شرٹس اسکواڈ کیریبیئن سائیڈ کو زیر کرنے میں کامیاب ہوجائیگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ٹیم کی فتح کیلیے تمام صلاحیتیں بروئے کا رلائیں گے، محمد عرفان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہورہا ہے، نئے کھلاڑیوں کو سیکھنے کے بہت کم مواقع مل رہے ہیں، انھوں نے کہا پاکستان نے کرکٹ کو بے شمار اسٹارز دیے ہیں، مشکل وقت میں آئی سی سی اور دیگر ملکوں کو پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے، ہمارا ملک پُرامن اور لوگ کرکٹ سے بے پناہ محبت کرنے والے ہیں۔ ذاولفقار بابر اور عرفان نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ٹیم کو سپورٹ کریں تاکہ مشکل دور سے نکل کر ایک بار پھر کرکٹ کے میدانوں میں سبز ہلالی پرچم لہرایا جاسکے۔

قبل ازیں دونوں نے اوکاڑہ کے دورہ کے موقع پر کچہری بازار میں کھیلوں کی دکان کا افتتاح کیا، اس موقع پرممبر صوبائی اسمبلی اور سابق منیجر پاکستان ٹیم میاں محمد منیر بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ سلیکٹرز کو چاہیے کے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ٹیم میں ہر کھلاڑی کا بیک اپ موجود ہو، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، یہاں سے ایسے نامورکرکٹرز سامنے آئے جن کے ذکرکے بغیر آج بھی کرکٹ کی تاریخ نامکمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔