اقوام متحدہ کی الحدیدہ میں سیز فائر کے لیے فریقین کو 18 دسمبر کی ڈیڈ لائن

 اتوار 16 دسمبر 2018
اقوام متحدہ نے فریقین کو ڈیڈ لائن کے لیے خصوصی پیغام بھیجا ہے (فوٹو : فائل)

اقوام متحدہ نے فریقین کو ڈیڈ لائن کے لیے خصوصی پیغام بھیجا ہے (فوٹو : فائل)

الحدیدہ: اقوام متحدہ نے یمن کے بندرگاہی شہر الحدیدہ میں مکمل سیز فائر کے لیے 18 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے یمن کی حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کو بندرگاہی شہر الحدیدہ میں 18 دسمبر سے مکمل سیز فائر کے لیے آمادہ کرلیا ہے۔ سویڈن میں فریقین کے درمیان مذاکرات کے بعد یہ پہلی کامیابی ہے۔

یمن کے بندرگاہی شہر کے کنٹرول کے لیے ایک بار پھر فریقین میں جمعے کے روز جھڑپ کا آغاز ہوگیا تھا۔ سعودی اتحادی افواج نے حوثی باغیوں کے زیر تسلط علاقوں پر میزائل برسائے اور فائرنگ کی جب کہ باغیوں نے بھی جوابی کارروائی کی۔

فریقین کے درمیان جھڑپ جاری تھی کہ اقوام متحدہ نے حوثی باغیوں کے رہنما کو 18 دسمبر سے سیز فائر کرنے کا پیغام پہنچایا۔ حوثی باغیوں کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اقوام متحدہ نے فریقین کو حتمی سیز فائر کے لیے 18 دسمبر کی تاریخ دے دی ہے۔

الحدیدہ بندرگاہ پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہے جسے واگزار کرانے کے لیے اتحادی افواج تابڑ توڑ حملے کر رہی ہے لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔ لاکھوں افراد علاقے میں پھنس گئے ہیں اور خوراک و ادویات کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

بگڑتی ہوئی صورت حال پر قابو پانے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے یمن کا دورہ کیا اور فریقین کو سویڈن میں مذاکرات کے لیے راضی کرلیا۔ 13 دسمبر کو مذاکراتی عمل کسی خاطر خواہ نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔