چڑیا گھر میں پیٹ شو کا انعقاد، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 جولائ 2013
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ہاشم رضا زیدی چڑیا گھر میں پیٹ شو کا افتتاح کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ہاشم رضا زیدی چڑیا گھر میں پیٹ شو کا افتتاح کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سیدہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ کراچی چڑیا گھر میں منعقد کیے گئے پیٹ شو میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کوششوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔

ابر آلود موسم نے چڑیا گھر میں اس پیٹ شو کو مزید دلکش بنادیاہے، یہ بات انھوں نے جمعہ کو کراچی چڑیا گھر میں 3 روزہ پیٹ شو کاافتتاح کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر سی ایس آر شعیب وقار، ڈائریکٹر چڑیا گھر فہیم خان، ڈائریکٹر سفاری پارک طارق نصیر اور دیگر افسران کے ساتھ ساتھ ہزاروں کی تعداد میں شہری بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں کھیل و تفریح کے منصوبے بھی شامل ہیں، انھوں نے کہا کہ ہل پارک، پولو گراؤنڈ، کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں شہریوں کی دلچسپی کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی، شہریوں کیلیے کھیل و تفریح کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنانے کا عمل جاری رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ شہریوں کی دلچسپی اور پسندیدگی کو دیکھتے ہوئے اس سلسلے کو آگے بڑھایا جارہاہے جبکہ سفاری پارک میں پیٹ شو کا میابی کے ساتھ منعقد کیا جاچکا ہے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد میں آمد کے پیش نظر اس پیٹ شو کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، اس قسم کے پیٹ شو کے انعقاد کے لیے چڑیاگھر بہترین جگہ ہے جہاں مختلف اقسام کے جانور اور پرندے پہلے ہی شہریوں کے لیے دلچسپی اور معلومات کا باعث ہیں اور اب اس پیٹ شو کے ذریعے انھیں ایک نئے انداز میں معیاری اور منفرد تفریح فراہم کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات میں بچوں اور بچیوں کے لیے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں سمر کیمپ لگایا گیا ہے جہاں مختلف کھیلوں کی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف پارکس میں مزید تفریحی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، اس پیٹ شو کے دوران مختلف پالتوجانوروں ، خوبصورت رنگ برنگی پرندوں اور رینگنے والے جانوروں کو بھی شو میں شامل کیاگیا ہے جن میں اونٹ، ہرن، پستہ قد گھوڑے، بندر، مگرمچھ کے بچے، سانپ، مور، اعلیٰ نسل کی بلیاں اور حنوط شدہ جانور شامل ہیں، پیٹ شو میں خواتین اور بچوں کی پسندیدہ اشیا کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں یہ پیٹ شو 7جولائی تک روزانہ دوپہر 3بجے سے شام 7بجے تک جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔