امریکا نے اسلامی دنیا میں ہمیشہ آمریت کو پروان چڑھایا، منور حسن

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 6 جولائی 2013
مغرب اور امریکا جمہوریت کے ذریعے بھی اسلام کو آگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتے، اجتماع سے خطاب۔ فوٹو: فائل

مغرب اور امریکا جمہوریت کے ذریعے بھی اسلام کو آگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتے، اجتماع سے خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ مصر میں آمریت کے 40 سالہ اندھیروں کو اجالوں میں بدلنا صدر مرسی کا جرم قرار پایا ہے۔

امریکا اور مغرب جمہوریت کے ذریعے بھی اسلام کوآگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتے، امریکا نے اسلامی دنیا میں ہمیشہ آمریت کو پروان چڑھایا اور فوجی ونام نہاد جمہوری آمروں کی سرپرستی کی، درجنوں اسلامی ممالک میں اسلامی تحریکوں کی جمہوری اور سیاسی ذریعے سے تبدیلی کی کوششوں کوسبوتاژکیا گیا، مغربی دنیا کی مسلم ممالک میں مداخلت نے جہادکے ذریعے تبدیلی لانے والوں کے موقف کو تقویت دی ہے، اسلامی ممالک میں سے صرف ترکی نے مصر میں فوجی بغاوت کے خلاف اپنے جراتمندانہ موقف سے امت کی ترجمانی کی ہے۔

انھوں نے منصورہ آڈیٹوریم میں ’’مصر میں فوجی بغاوت، تجزیہ اور اثرات‘‘ پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مسلم حکمران امریکا اور مغرب کو اپنا دوست سمجھنے کی غلطی کرتے رہیں گے ذلت کا شکار رہیں گے، مصرمیں فوجی بغاوت کی حمایت کرنے والے مسلم ممالک کو اپنے افسوسناک رویے کا جائزہ لینا چاہیے،عالم کفرکے ظلم وجبر نے لوگوں کوجہادکا راستہ اختیارکرنے پرمجبورکیا ہے۔ عبدالغفارعزیز نے کہا کہ صدر مرسی کے غزہ کی سرحد کھولتے ہی امر یکا اور اسرائیل کی سازشیں شروع ہوگئی تھیں اوراب فوج کے سائے میں بننے والی عبوری حکومت نے پہلاحکم غزہ سرحد بند کرنے کا جاری کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔