پی ایف ایف انتظامیہ نے فیفا ہاؤس کا چارج لینے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا

میاں اصغر سلیمی  پير 17 دسمبر 2018
پی ایف ایف کے الیکشن سپریم کورٹ کی نگرانی میں اسلام آباد میں ہوئے تھے فوٹو: فائل

پی ایف ایف کے الیکشن سپریم کورٹ کی نگرانی میں اسلام آباد میں ہوئے تھے فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نومنتخب باڈی نے فیفا ہاؤس لاہور کا چارج لینے کے لیے سپریم کورٹ سے باقاعدہ رجوع کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پی ایف ایف کے نو منتخب صدر سید اشفاق حسین شاہ کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں ہمارا گروپ واضح اکثریت سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا الیکشن جیت چکا ہے۔ عدالت سے درخواست ہے کہ فیفا ہاؤس لاہور کے چارج سنبھالنے کے تحریری احکامات جاری کیے جائیں۔

پی ایف ایف کے الیکشن سپریم کورٹ کی نگرانی میں اسلام آباد میں ہوئے تھے جس میں سید اشفاق حسین شاہ صدر سردار نوید حیدر خان اور سید ظاہر شاہ نائب صدور منتخب ہوئے تھے، الیکشن سے ایک گھنٹہ قبل فیصل صالح گروپ نے انتخابات کا بائیکاٹ کردیا تھا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیڈریشن کے نائب صدر سردار نوید حیدر خان ہفتہ کو چارج لینے کے لئے فیفا ہاوس لاہور گئے تھے لیکن سیکرٹری فیڈریشن کرنل احمد یار لودھی نے یہ کہہ کر چارج دینے سے انکار کردیا تھا کہ جب تک سپریم کورٹ کی طرف سے تحریری آرڈر نہیں مل جاتے ، فیفا ہاوس کا چارج حوالے نہیں کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔