کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

ویب ڈیسک  پير 17 دسمبر 2018
قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی (فوٹو : فائل)

قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے ظلم و جارحیت پر قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کشمیر کی صورت حال پر مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔ قرارداد میں بھارتی جارحیت اور ظلم کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی تھی۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی ترجمانی کرتے ہوئے مذمتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد پیش کرنے سے قبل انہوں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ جنت نظیر کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جنت کسی کافر کو ملی ہے نہ ملے گی۔

علی محمد خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ ہم سب کا ایمان ہے، کشمیر انشااللہ جلد آزاد ہوگا، انشااللہ ہم سب کی زندگی میں ہی سری نگر پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائے گا۔ بعد ازاں وزیر مملکت نے قرارداد پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں پلوامہ میں 14 کشمیریوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

قرارداد میں زور دیا گیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت حق خوداردیت دی جائے اور بھارتی فوج کے نہتے عوام پر مظالم کو رکوانے کے لیے عالمی برادری اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت میں اضافہ ہوگیا ہے، ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے نہتے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی اور صرف دو دنوں میں 14 کشمیری نوجوان شہید ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔