گتے سے حیرت انگیز مجسمے بنانے والے تائیوانی فنکار کے چرچے

ویب ڈیسک  منگل 18 دسمبر 2018
24 سالہ تائیوانی فنکار کی یہ تخلیق گتے اور کاغذوں سے تیار کی گئی ہے (فوٹو: اوڈٹی سینٹرل)

24 سالہ تائیوانی فنکار کی یہ تخلیق گتے اور کاغذوں سے تیار کی گئی ہے (فوٹو: اوڈٹی سینٹرل)

تائی پے: تائیوان کے نوجوان فنکار کے حیرت انگیز فن پاروں کا انٹرنیٹ پر چرچا ہے اور لوگ اس نوجوان کو ’ٹونی اسٹارک آف کارڈ بورڈ‘ کے نام سے جانتے ہیں کیونکہ وہ مضبوط گتوں سے حیرت انگیز مجسمے اور کردار بناتا ہے۔

24 سالہ کائی ژیانگ زونگ کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنی محنت سے یہ فن سیکھا ہے اور لوگوں کی جانب سے بے کار سمجھ کرپھینکے جانے والے کباڑ سے اپنے فن پارے بناتے ہیں۔ وہ سپرہیرو، فلمی کردار اور ایلین کے ساتھ ساتھ ان گنت اشیا تخلیق کرتے ہیں۔

کائی نے 2013 میں ایک ’ڈریگن‘ بنایا تھا جسے بہت شہرت ملی۔ اس کے بعد اس نے آئرن مین کا قدِ آدم خاکہ بنایا جس کی تفصیلات دیکھ کر لوگوں نے اسے بہت سراہا۔ اس کے بعد کائی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اب انہوں نے ’اٹ‘ فلم کے جوکر سمیت کئی اہم بلاؤں، جانوروں اور کرداروں کے کارڈ بورڈ مجسمے بنائے ہیں۔

کائی ژیانگ زونگ نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی روبوٹ، مانسٹرز اور ڈائنو سار کی تصاویر بنایا کرتے تھے۔ پھر اس نے کاغذ اور آخر میں کارڈ بورڈ کا استعمال شروع کیا۔

علاوہ ازیں وہ کارڈ بورڈ سے بہت چھوٹی اور باریک اشیا تیار کرتے ہیں جن پر حقیقت کا گمان ہوتا ہے۔ یہاں ان کے کچھ فن پاروں کی تصاویر دی گئی ہیں جنہیں دیکھ کر آپ عش عش کر اٹھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔