فلم ہندی میڈیم کے سیکوئل میں شاہ رخ خان اور کاجول کی انٹری

ویب ڈیسک  پير 17 دسمبر 2018
عرفان خان کے مد مقابل صبا قمر کے بجائے سارہ علی خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گی (فوٹو: فائل)

عرفان خان کے مد مقابل صبا قمر کے بجائے سارہ علی خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گی (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان اور پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی مشہور فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل میں اس بار شاہ رخ خان اور اداکارہ کاجول کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اداکار عرفان خان اور صبا قمر کی 2017ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہندی میڈیم‘ دونوں اداکاروں کی باکمال اداکاری اور لا جواب کہانی کی بدولت شائقین کے دلوں کو متاثر کرنے میں بے انتہا کامیاب رہی۔ فلم نے توقعات سے بڑھ  کر بھارت میں 300 کروڑ سے زائد مالیت کا باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا، مقبولیت کے باعث فلم چائنا اور ہانگ کانگ میں بھی چار چاند لگانے میں بھی سنگ میل ثابت ہوئی۔

شائقین کی جانب سے فلم کو بے تحاشا پسند کیے جانے کے بعد فلم میکرز نے ہندی میڈیم کا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا جس میں اس بار عرفان خان کے مد مقابل صبا قمر کے بجائے بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو شامل کرنے کا فیصلہ سامنے آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ہندی میڈیم کے سیکوئل کی شوٹنگ امریکا میں کی جائے گی جس کا مختصر سا حصہ بھارت میں فلمایا جائے گا جب کہ پروڈیوسر دنیش وجن کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ شاہ رخ خان اور کاجول کا شمار بالی ووڈ کی بہترین جوڑیوں میں ہوتا ہے اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو یہ جوڑی فلم ہندی میڈیم کے اس سیکوئل میں بہت جلد نظر آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔