ممبئی کے اسپتال میں آتشزدگی سے 6 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 17 دسمبر 2018
ممبئی کے سرکاری اسپتال میں آگ لگنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے (فوٹو: رائٹرز)

ممبئی کے سرکاری اسپتال میں آگ لگنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے (فوٹو: رائٹرز)

ممبئی کے ایک سرکاری اسپتال میں آتشزدگی سے 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے فائر بریگیڈ کے عملے نے 140 سے زائد مریضوں اور عملے کو بحفاظت بچالیا۔

ممبئی کے علاقے اندھیری شرقی میں حکومتی ادارے کے ماتحت ایمپلائی اسٹیٹ انشورنس اسپتال میں پیر کی شام چار بجے چوتھی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس میں پانچ ماہ کی بچی سمیت 6 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ اسپتال عملے سمیت کئی افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ممبئی کے میئر وی مہادیشور نے کہا کہ اب تک آگ لگنے کی وجوہ کا علم نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب حادثات و آفات میں مددگار ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر 147 افراد اور مریضوں کو نکال کر کُوپر اسپتال، ٹھاکرے اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے تاہم گھنٹوں کی مشقت کے بعد ساڑھے سات بجے آگ پر قابو پالیا گیا۔

چوتھی منزل سے پھیلنے والی آگ نے فوری طور پر اسپتال کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس آگ کو سات فائر انجنوں اور پانچ واٹر ٹینکروں کی مدد سےبجھایا گیا۔

امدادی اداروں نے بتایا کہ کوپر اسپتال لے جانے والے 30 مریضوں میں سے دو اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے جبکہ کئی مریضوں نے سانس میں تکلیف کی شکایت بھی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔