کینیڈا پاکستان کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری نرم کرے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  منگل 18 دسمبر 2018
حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، فواد چوہدری (فوٹو: سوشل میڈیا)

حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، فواد چوہدری (فوٹو: سوشل میڈیا)

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کینیڈا پاکستان کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری نرم کرے، پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے کینیڈا کی ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کو روکنے کے لیے بین الاقوامی ریگولیٹری طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، دنیا کو نفرت انگیزی اور تشدد پر اکسانے والے مواد کے خلاف ایک آواز بننا ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جدید جمہوری ریاست ہے اور حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان میں ذرائع ابلاغ اور عدلیہ آزاد، سول سوسائٹی متحرک اور فعال ہے، بیرون ملک صحافیوں کے لیے ویزا پراسس آسان کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کینیڈین فلم سازوں کو پاکستان کے شمالی علاقوں میں فلموں کی عکس بندی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا تاریخی طور پر مضبوط تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں، کینیڈا میں موجود 4 لاکھ افراد پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہیں، کینیڈا پاکستان کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری نرم کرے کیوں کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔