تیز رفتار مغربی ہواؤں کا زور ٹوٹ گیا، سردی کی شدت کم ہونے لگی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 19 دسمبر 2018
9ڈگری رواں سال کاکم ترین درجہ حرارت ہے،منگل کو حد نگاہ3کلومیٹررہ گئی تھی،آئندہ24گھنٹے موسم سرداورخشک رہے گا۔ فوٹو: آئی این پی

9ڈگری رواں سال کاکم ترین درجہ حرارت ہے،منگل کو حد نگاہ3کلومیٹررہ گئی تھی،آئندہ24گھنٹے موسم سرداورخشک رہے گا۔ فوٹو: آئی این پی

کراچی: شہر میں چلنے والی تیزرفتار مغربی ہواؤں کا زور ٹوٹ گیا اور دن کے وقت سردی کی شدت میں معمولی کمی آگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز شہر میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار گزشتہ چندروز کے مقابلے میں کافی حدتک معتدل رہی جس کی وجہ سے دن کے وقت یخ بستہ ہواؤں کی جگہ معمولی حدت محسوس کی گئی، منگل کو ابر آلود موسم کی جگہ دھوپ نکل آئی جس کی وجہ سے بھی سردی کی کیفیت میں کچھ حد تک کمی آگئی، شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 12کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خنک ہواؤں کی رفتار40کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی تھی محکمہ موسمیات کے مطابق کم رفتارہواؤں کے باوجود منگل کو شہر کا درجہ حرارت مزید ایک ڈگری کمی سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو رواں سال کا اب تک ریکارڈ ہونے والا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.5 ڈگری رہا ،منگل کو شہر میں کہرے کی وجہ سے حد نگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر3کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رات میں سرد جبکہ صبح کے وقت دھند چھانے کا امکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔