لاہور کی پرانی انار کلی فوڈ اسٹریٹ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 جولائی 2013
زخمیوں کو میو اور گنگا رام اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔   فوٹو: عابد نواز

زخمیوں کو میو اور گنگا رام اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ فوٹو: عابد نواز

لاہور: پرانی انار کلی کی مشہور فوڈ اسٹریٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا فوڈ اسٹریٹ میں واقع تین منزلہ بخارا ریسٹورنٹ کے گراؤنڈ فلور پر ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد زخمی ہوگئے، دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی اور قریبی عمارتوں، دکانوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو کی ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے، زخمیوں کو میو اور گنگا رام اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی سی او لاہور کے مطابق دھماکا خیز مواد فوڈ اسٹریٹ کے وسط میں کرسیوں کے قریب رکھا گیا تھا جس میں آدھا کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔