بیلجیئم کے وزیراعظم چارلس مشیل نے استعفیٰ دے دیا

ویب ڈیسک  بدھ 19 دسمبر 2018
چارلس مشیل بیلجیئم کی تاریخ کے سب سے کم عمر وزیراعظم ہیں۔ فوٹو : فائل

چارلس مشیل بیلجیئم کی تاریخ کے سب سے کم عمر وزیراعظم ہیں۔ فوٹو : فائل

برسلز: بیلجیم کے وزیر اعظم چارلس مشیل مہاجرین سے متعلق معاہدے پر اختلاف کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم کے وزیراعظم چارلس مشیل نے ملک کے بادشاہ فلپ کو اپنا استعفی پیش کر دیا ہے، وزیراعظم کی اتحادی حکومت کو اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق معاہدے پر ٹوٹ پھوٹ کا سامنا تھا۔

مہاجرین کے معاملے پر وزیراعظم چارلس مشیل کے خلاف حزب اختلاف کی جماعتوں نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جب کہ چار جماعتوں کے حکومتی اتحاد میں شکست وریخت کی جانب گامزن تھا۔

بیلجیئم کے بادشاہ فلپ نے تاحال وزیراعظم کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے، بادشاہ فلپ استعفیٰ منظور کرنے کے ساتھ وزیراعظم سے آئندہ برس مئی میں ہونے والے انتخابات تک عبوری طور پر حکومتی انتظام چلانے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔

مراکش میں اقوام متحدہ کے ساتھ طے پانے والے مہاجرین معاہدے پر دستخط کے بعد وزیراعظم چارلس مشیل کے دیرینہ ساتھی حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہوگئے تھے اور اپوزیشن نے بھی معاہدے پر کمزور حکومتی اتحاد کی حمایت سے انکار کردیا تھا۔

واضح رہے کہ چارلس مشیل نے 38 سال کی عمر میں اکتوبر 2014 میں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھا کر بیلجیئم کی تاریخ کے سب سے کم عمر وزیراعظم ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔