ایڈمنسٹریٹر نے فلائی اوورز کے تعمیراتی مٹیریل کو معیاری قرار دیدیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 7 جولائی 2013
اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کے ساتھ سٹی وارڈنز بھی تعینات کیے جائیں گے، ہاشم رضا  فوٹو : فائل

اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کے ساتھ سٹی وارڈنز بھی تعینات کیے جائیں گے، ہاشم رضا فوٹو : فائل

کراچی:  بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شاہراہ پاکستان پر بننے والے فلائی اوورز کے تعمیراتی کام میں جو مٹیریل استعمال کیا جارہا ہے۔

وہ طے شدہ معیار اور انجینئرنگ کے اصولوں کے عین مطابق ہے اور اس حوالے سے پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور کنسلٹنٹ اپنی رپورٹس جمع کراچکے ہیں انھوں نے کہا کہ فلائی اوورز کی تعمیر میں کسی بھی حوالے سے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور فلائی اوورز کی تعمیر میں اعلیٰ کوالٹی کا میٹریل استعمال کیا جارہا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ان فلائی اوورز کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ فلائی اوورز کی جلد تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جلد از جلد انھیں مکمل کر کے شہریوں کے لیے کھول دیا جائے تاکہ فلائی اوورز کی تعمیر کے بعد شہریوں کو سہولت میسرآسکے اور ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے۔

وہ اپنے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ رمضان المبارک میں شاہراہ پاکستان پر ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ سٹی وارڈنز بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ شہری افطار سے قبل اپنے گھروں تک پہنچ سکیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی ہاشم رضا زیدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پاکستان پر فلائی اوورز بننے سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا ہے جس کا بلدیہ عظمیٰ کراچی کو پورا احساس ہے لہٰذایہ کوشش کی جارہی ہے کہ جتنی جلد ممکن ہو ان فلائی اوورز کو مکمل کرلیا جائے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس بات کا پورا خیال رکھا جارہا ہے کہ منصوبوں کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور ٹریفک ڈائی ورژن پلان پر عملدرآمد کے ذریعے شہریوں کو تکالیف سے بچایا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شاہراہ پاکستان کے اطراف خصوصاً ان چاروں انٹرسیکشن کے گرد گنجان آبادی ہے اور اس مرکزی شاہراہ سے کئی اندرونی سڑکیں آکر ملتی ہیں جس کے باعث ان چاروں انٹرسیکشن پر ٹریفک جام رہنے کی شکایات تھیں لہٰذا اس کے تدارک کے لیے ضروری تھا کہ یہاں سے گزرنے والی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے اور اس پوری شاہراہ پر ٹریفک بغیر کسی رکاوٹ کے گزر سکے۔

کوریڈور V کی تکمیل کے بعد مارٹن روڈ ، لیاقت آباد، لسبیلہ، پی آئی بی کالونی، ناظم آباد، عزیزآباد، انچولی، کریم آباد اور سپر ہائی وے جانے والی ٹریفک کو قابل ذکر سہولت میسر آئے گی جبکہ ان فلائی اوورز کے نیچے سے گزرنے والے ٹریفک کے لیے بھی امپروومنٹ پلان کو قابل عمل بنانے کے لیے کام جاری ہے جس کے تحت متعدد پبلک ٹرانسپورٹ روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کو براہ راست ان فلائی اوورز کے اوپر سے گزارا جائے گا تاکہ فلائی اوورز کے نیچے سے گزرنے والی ٹریفک کو دشواریوں کا سامنا نہ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔