ٹی ٹوئنٹی کرکٹ؛ یو بی ایل نے مضبوط حریف حبیب بینک کو زیر کر لیا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 7 جولائی 2013
پی آئی اے نے اسٹیٹ بینک کو 9 وکٹ سے شکست دیدی، شعیب ملک کی نصف سنچری۔  فوٹو: فائل

پی آئی اے نے اسٹیٹ بینک کو 9 وکٹ سے شکست دیدی، شعیب ملک کی نصف سنچری۔ فوٹو: فائل

کراچی:  پی سی بی کے تحت پہلے رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں یو بی ایل نے مضبوط حریف حبیب بینک کو 22 رنز سے زیر کر لیا۔

نصف سنچریاں بنانے والے اوپنرز آصف علی اور عدنان بیگ نے9.3 اوورز میں 95 رنز کی شراکت بنائی۔ دوسرے میچ میں پی آئی اے نے اسٹیٹ بینک کو 9 وکٹ سے شکست دیدی، تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایچ بی ایل کے کپتان یونس خان کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا، یو بی ایل نے مقررہ اوورز میں وکٹ پر159 رنز اسکور کر لیے، اوپنر آصف علی نے6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 53 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی،ان کے پارٹنر عدنان بیگ نے 55 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔

اس میں 5 چوکے اورایک چھکا شامل رہا،احسان عادل اور سرمد انور نے بالترتیب 26 اور28 رنز دے کر2،2 وکٹیں اپنے نام کیں،جواب میں مضبوط حریف ٹیم 160 رنز کا ہدف عبور نہ کرسکی اور مقررہ اوررز میں 7 وکٹ پر محض 137 رنز ہی جوڑ سکی،37 رنز پر4 وکٹیں گرنے کے بعد بیٹنگ لائن نہ سنبھل سکی، ٹیسٹ بیٹسمین حسن رضا نے 39 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، اس میں 4 چوکے اور2 چھکے شامل تھے، یونس خان نے ٹیسٹ کے انداز میں37 گیندوں پر35 رنز بنائے، انھوں نے 4 مرتبہ گیند کو بائونڈری سے باہر بھیجا، عمران فرحت 14 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر پولین لوٹ گئے۔

ان کے بھائی ہمایوں فرحت نے کوئی رن بنائے بغیر ڈریسنگ روم کا رخ کیا، سابق ٹیسٹ بولر شبیر احمد اورمحمد ارشاد نے2،2کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔دوسرے میچ میں پی آئی اے نے اسٹیٹ بینک کیخلاف 155 رنز کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کیا، شعیب ملک نے ناقابل شکست 58 رنز بنائے، آغا صابر نے 65 رنز اسکور کیے، دونوں نے 117 رنز کی افتتاحی شراکت قائم کی ۔ قبل ازیں اسٹیٹ بینک نے 5 وکٹ پر 154 رنز بنائے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔