سپریم کورٹ کراچی میں دہشت گردی کا ازخود نوٹس لے

اسٹاف رپورٹر  پير 20 اگست 2012
تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر نعیم الحق نے کہا کہ عیدالفطر پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عوام دشمن اقدام ہے۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر نعیم الحق نے کہا کہ عیدالفطر پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عوام دشمن اقدام ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر نعیم الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں خون کی ہولی کھیلنے والے سفاک قاتل کھلے عام معصوم عوام پر گولیاں برسا رہے ہیں، مصلحت پسندی کی سیاست نے شہر کے امن اور عوام کی خوشیوں کو دفن کردیا ہے، قوم ایسے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریگی، عید الفطر پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عوام دشمن اقدام ہے۔

وہ گذشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما سبحان علی ساحل اور یوتھ ونگ کے کارکنان کی جانب سے کشمیر کالونی ہال میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر صوبائی رہنما مولا بخش کھٹیان، جمال خان شیروانی، طارق ہاشمی، عدنان کیہر، ارم بٹ اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا، نعیم الحق نے کہا کہ عام شہریوں، سیاسی کارکنوں، درس و تدریس سے منسلک افراد کی ٹارگٹ کلنگ حکومت اور خفیہ اداروں کی منہ پر طمانچہ ہے، انھوں نے ڈبل سواری پر عائد پابندی اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کراچی میں جاری دہشت گردی کا ازخود نوٹس لے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔