کنگ خان نے شائقین کو فلم ’’زیرو‘‘ دیکھنے کی وجہ بتادی

ویب ڈیسک  جمعرات 20 دسمبر 2018
فلم  ’زیرو‘ کل سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے (فوٹو: فائل)

فلم ’زیرو‘ کل سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان، باربی ڈول کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ دیکھنے کی وجہ سے بتا دی۔

رواں سال کئی نامور اداکاروں کی مشہور اور سپرہٹ فلمیں دیکھنے کو ملیں لیکن ایک فلم ایسی ہے جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے اور وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ ہے۔ سال کے اختتام سے چند دن قبل ریلیز ہونے والی اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ فلم ایک پستہ قد (بونے) شخص کی زندگی پر مبنی ہے جس کا کردار شاہ رخ خان ادا کر رہے ہیں۔

فلم کے ٹریلر اور اس میں موجود انوشکا اور کترینہ کی اداکاری نے شائقین کی دلچسپی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے وہیں اس فلم کے اداکاروں نے یہ فلم دیکھنے کی وجہ بھی بتائی ہے۔

شاہ رخ خان

شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ فلم دیکھنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ  یہ فیملی فلم ہے جو کہ مضحکہ خیز (فنی ) اور تفریح سے بھرپور ہے، میں سمجھتا ہوں کہ کترینہ، انوشکا اور مجھ سمیت جس نے بھی کردار ادا کیا ہے اور جو کچھ فلم کے لیے لکھا گیا ہے وہ بہت ہی دلچسپ ہے یہ اتنی مختلف فلم ہے جتنا کہ آپ سوچ سکتے ہیں۔

انوشکا شرما

فلم ’زیرو‘ میں ایک ذہنی و جسمانی بیماری سیری برل پیلسی (cerebral palsy) میں مبتلا لڑکی کا کردار ادا کرنے والی انوشکا شرما نے فلم زیرو کو دیکھنے کے حوالے سے کہا کہ دیکھنے والوں یہ فلم دیکھتے وقت ہنستے ہنستے رو جاؤ گے اور روتے روتے ہنس دو گے۔

کترینہ کیف

فلم ’زیرو‘ میں ببیتا کماری‘ کا کردار ادا کرنے والی کترینہ کیف نے بتایا کہ مسکراہٹ دنیا کی بہترین شے ہے اور میرا اس بات پر کامل یقین ہے کہ فلم ’زیرو‘ آپ سب کو مسکرانے پر مجبور کردے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فلم ’زیرو‘ میں سلمان اور شاہ رخ خان کے گانے کی دھوم

واضح رہے کہ آنند ایل رائے کی ہدایت کاری میں بننے والی کنگ خان کی فلم  ’زیرو‘ میں کترینہ کیف اور انوشکا شرما بھی مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ یہ فلم رواں ماہ 21 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس فلم کے دونومبر کو ریلیز ہونے والے ٹریلر کو اب تک 10 کروڑ 90 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔