ٹور میچ؛ اظہر علی اور بابر اعظم نے ساتھیوں کی ناکامی پر پردہ ڈال دیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 21 دسمبر 2018
اسدکھاتہ بھی نہ کھول سکے،شان مسعود 41پر رخصت،انوی ٹیشن الیون نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ گنوا کر 45 رنزبنالیے۔ فوٹو: فائل

اسدکھاتہ بھی نہ کھول سکے،شان مسعود 41پر رخصت،انوی ٹیشن الیون نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ گنوا کر 45 رنزبنالیے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ٹور میچ میں اظہر علی اور بابر اعظم نے فارم کی جھلک دکھا دی، دونوں کی ناقابل شکست سنچریوں نے ساتھیوں کی ناکامی پر پردہ ڈال دیا۔

ٹور میچ کے پہلے روز میزبان جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون نے7 وکٹ پر 318 رنز بناکراننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی، جواب میں پاکستان نے بغیر کوئی نقصان اٹھائے 2رنز بنائے تھے، جمعرات کو مہمان ٹیم کا مجموعہ 29 تک پہنچا تھا کہ منیاکا نے فخرزمان(19) کی بیلز فضا میں بکھیر دیں۔

ٹیم کی ففٹی مکمل ہونے کے بعد امام الحق(23) کو زوما نے وکٹوں کے پیچھے مون سامی کا کیچ بنوا دیا، مجموعی اسکور107 تک پہنچا تھا کہ منیاکا کی گیند پر شان مسعود (41) بولڈ ہو گئے، اسی اوور میں حارث سہیل( 4) بھی اظہر علی کا ساتھ چھوڑ گئے، وکٹ کیپر مون نے دوسرا کیچ لیا، اسد شفیق ابھی کھاتہ بھی نہ کھول پائے تھے کہ کارٹ رائٹ نے نایاکو کی مدد سے جکڑ لیا۔

مہمان ٹیم نے 107 سے 112 تک کے سفر میں ہی 3 وکٹیں گنواکر تباہی کو آواز دیدی تھی، ایسے میں اظہر علی نے بابر اعظم کے ہمراہ پُراعتماد بیٹنگ کی۔ انھوں نے چھکا لگا کر سنچری مکمل کرلی، اس کے بعد وہ کپتان سرفراز احمد کو بیٹنگ پریکٹس کا موقع دینے کیلیے ریٹائر ہوکر میدان سے باہر چلے گئے،دونوں بیٹسمینوں میں 155رنز کی شراکت سے اسکور267تک پہنچا تھا۔

بابر اعظم کا بیٹ تسلسل کے ساتھ رنز اگلتا رہا جبکہ سرفراز احمد کی اننگز سائمنڈز نے7رنزتک محدود کر دی، کیچ نایا کو نے لیا، پاکستان نے 7وکٹ پر306 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، جارحانہ موڈ میں نظر آنے والے بابراعظم صرف 128 گیندوں پر 103 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، منیاکا نے3جبکہ کارٹ رائٹ، زوما اور سائمنڈز نے ایک ایک شکار کیا۔

کھیل ختم ہونے تک انوی ٹیشن الیون نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ گنواکر 45 رنز بنائے، محمد عامر نے جے رچرڈ(8) کو بولڈ کیا، برینڈ 30 اور ڈیتھول 7 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔