ہاتھ پرہاتھ رکھ کربیٹھنےسےکچھ نہیں ہوگا ترقی کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  اتوار 7 جولائی 2013
برسر اقتدار افراد عوام کی فلاح کے لئے کچھ کرتے تو آج یہ صورت حال نہ ہوتی، وزیراعظم.  فوٹو: فائل

برسر اقتدار افراد عوام کی فلاح کے لئے کچھ کرتے تو آج یہ صورت حال نہ ہوتی، وزیراعظم. فوٹو: فائل

چین/ گوانگ ژو: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہمیں سخت فیصلے کرنا ہوں گے ۔  

چین کے صوبے گوانگ ژو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نانگا پربت بیس میں غیر ملکی کوہ پیماؤں کی ہلاکت سے پاکستان کی ساکھ بہت متاثر ہوئی ہے، اس المناک واقعے کے بعد وہ نہیں سمجھتے کہ اب غیر ملکی کوہ پیما پاکستان آئیں گے۔ ہمیں ملک میں امن و امان کی صورت حال پر بھی توجہ دینا ہوگی اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دورہ چین سے واپسی پر وہ اس سلسلے میں ملک کی تمام سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر قومی سیکیورٹی پالیسی کا تعین کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا دوہ چین توقع سے بھی زیاہ کامیاب رہا، چینی قیادت نے انہیں جو عزت اور مقام دیا وہ قابل تحسین ہے۔ دورے کے دوران ہماری پہلی ترجیح بجلی بحران کے خاتمے کے لئے چین سے معاونت کا حصول اور متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر معاہدے شامل تھے تاہم  پاکستان اور چین کے درمیان دیگر کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں کاشغر گوادر شاہراہ، کراچی لاہور موٹر وے کی تعمیر، گوادر پورٹ کی ترقی اور بجلی کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی و لاہور میں میٹرو سروس اور کراچی تا پشاور بلٹ ٹرین سمیت کئی دیگر منصوبوں پر بات چیت کی گئی ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے جہاں ملک خوشحال ہوگا وہیں خطے میں بھی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان تمام منصوبوں پر عمل درآمد اور چینی سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کرنے کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 برس کے دوران ملک کو عوام کا درد سمجھنے والی قیادت نہیں ملی جس کے باعث ہر آنے والا دن ہمارے لئے بد سے بد تر ہورہا ہے۔ اگر برسر اقتدار افراد عوام کی فلاح کے لئے کچھ کرتے تو آج یہ صورت حال نہ ہوتی، ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا، ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہمیں سخت فیصلے کرنا ہوں گے ورنہ ہم اسی طرح مسائل میں ہی گھرے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔