ڈاکوؤں سے واپس لئے گئے پیسے تعلیم کے فروغ پر لگائیں گے، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 21 دسمبر 2018

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ حکومت کی ترجیح تعلیم ہے اور اب جس ڈاکو سے پیسہ پکڑیں گے اسے تعلیم کے فروغ پر لگائیں گے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ بچپن سے حکمرانوں کے بڑے بڑے گھر دیکھے ہیں ہمارے حکمران عالیشان محل میں رہتے ہیں جب کہ مجھ میں تبدیلی برطانیہ کے لوگوں کا طرز زندگی دیکھنے کے بعد آئی ، برطانیہ کا جی ڈی پی متعدد اسلامی ممالک کا مجموعی جی ڈی پی سے زیادہ ہے۔ سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کا گھر لندن کی ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں سادہ سی عمارت میں تھا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہی معاشرہ آگے بڑھا جس نے تعلیم اور انسانی ترقی پر زور دیا، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں چھوٹا سا طبقہ پیسے بنا لے، ہمیں انسانوں پر سرمایہ خرچ کرنا چاہیے، مدینہ کی ریاست میں حکمرانوں نے پیسہ اپنی ذات پرخرچ نہیں کیا، نبی کریم ﷺنے بھی تعلیم کو زیادہ اہمیت دی لیکن آزادی کے بعد کسی نے تعلیم پر توجہ نہیں دی، چین ہمارے لیے زندہ مثال ہے، دنیا میں سب سے زیادہ غریب بھارت میں بستے ہیں، ہم بھارت سے بھی پیچھے رہ گئے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں کہ نوجوان اپنے ٹیکس کا دفاع کریں اور ٹیکس کے پیسے کےغلط استعمال پر آواز اٹھائے، ہم عوام کو باشعور بنا رہے ہیں، وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا مقصد اپنا قبلہ درست کرنا ہے، ہم لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ اس قوم اور حکومت کی ترجیح تعلیم ہے۔ جس ڈاکو سے پیسہ پکڑیں گے اسے تعلیم کے فروغ پر لگائیں گے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔