شریعت بورڈ نے مفتی منیب کے فیصلے کی توثیق کردی

مرکزی رویت ہلال کے فیصلے سے اختلاف کرنیوالے فرقہ واریت کو ہوا د ے رہے ہیں،ڈاکٹر ظفر. فوٹو اے ایف پی

مرکزی رویت ہلال کے فیصلے سے اختلاف کرنیوالے فرقہ واریت کو ہوا د ے رہے ہیں،ڈاکٹر ظفر. فوٹو اے ایف پی

اسلام آباد: شریعت بورڈ کا ایک اہم اجلاس رویت ہلال کے سلسلے میں اتوارکو شریعت بورڈ کے سربراہ ڈاکٹرظفراقبال جلالی کی صدارت میں ہوا۔اجلاس کے بعد شریعت بورڈکے سربراہ ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی نے اجلاس میں کیے گئے متفقہ فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ شریعت بورڈ کے ارکان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کے فیصلے کی بھرپور تائید وتوثیق کرتے ہیں اورخیبرپختونخوا کے چند ملائوں کے اعلان عید کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں جنھوں نے چاند کی رویت کے جھوٹے اعلان سے شرعی اور متفقہ قومی فیصلے کی مخالفت کی ہے جبکہ محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات بھی عدم رویت کا فیصلہ دے رہے ہیں،محکمہ موسمیات اورماہرین فلکیات کے واضح اعلان کے باوجود عید کا اعلان کرنا قوم سے زیادتی ہے، اس مخالفت کی وجہ سے پوری قوم کا ان ملائوں کے زبان و قول پر اعتماد اٹھ گیا ہے۔

دوسری طرف پاکستان کے تمام مکاتب فکرکے لاکھوں علماء ومشائخ نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کے فیصلے کی تائیدکرکے ثابت کردیاکہ پوری قوم مفتی منیب الرحمن کے ساتھ ہے اور ان کی ایمانی جرات وغیرت اوراستقامت کو داد تحسین پیش کرتی ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ جن غیر ذمے دار مفتیوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی مخالفت کی ہے وہ فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دے کر غیر ملکی ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں۔

لہذا وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ شریعت کا مذاق اڑانے والے ان چند شر پسند عناصر کو لگام دے اور انھوں نے یہ بھی کہاکہ اگر قوم کو مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کے شرعی تقاضوں کے عین مطابق ہونے والے رویت ہلال کے فیصلے پر متفق نہ کیا گیا تو قوم کبھی بھی متفق نہیں ہوسکے گی۔ اجلاس میں پروفیسر مفتی محمد اسلم جلالی،مفتی محمد افضل قادری ،مفتی محمد اویس ،مفتی بابر علی الازہری ، مفتی عادل شہزاد،مفتی محمد ثاقب کبیر قادری ،مفتی رضاء الاسلام ،مفتی محمد رفاقت علی جلالی ،مفتی سید عاصم شاہ کاظمی ،مفتی محمد عثمان اور دیگرنے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔