نصیرالدین شاہ کو اجمیر لٹریچر فیسٹیول کے افتتاح سے جبری طور پر روک دیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 دسمبر 2018
مشتعل ہجوم کے مظاہرے پر نصیر الدین شاہ فیسٹیول سے واپس چلے گئے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

مشتعل ہجوم کے مظاہرے پر نصیر الدین شاہ فیسٹیول سے واپس چلے گئے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

اجمیر: بھارت کے نام نہاد سیکولرازم کو بے نقاب کرنے والے معروف اداکار نصیرالدین شاہ کو اجمیر لٹریچر فیسٹیول کا افتتاح کرنے سے جبری طور پر روک دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی کے مشتعل کارکنان نے عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ کو 5ویں اجمیر لٹریچر فیسٹیول کا افتتاح کرنے سے روک دیا۔ نصیرالدین شاہ کو فیسٹیول میں اپنی کتاب کے سیشن میں بھی شرکت کرنا تھی۔

فیسٹیول کے آغاز پر وزیر اعظم نریندرا مودی کی جماعت کے مشتعل کارکنان نے اداکار نصیر الدین شاہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کی تصاویر کو نذر آتش کردیا۔ مظاہرین نے نصیر الدین شاہ سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : نصیر الدین شاہ کو سچ بولنا مہنگا پڑ گیا

فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پولیس کو ممکنہ مظاہروں سے متعلق آگاہ کردیا گیا تھا اس کے باوجود مظاہرین فیسٹیول میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے اور ہنگامہ آرائی کی۔ نصیر الدین شاہ اپنا خطاب مختصر کرکے فیسٹیول سے واپس چلے گئے۔

فیسٹیول کے اختتام پر اداکار نصیرالدین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس سے قبل بھی اس طرح کی باتیں کہی ہیں لیکن کبھی غدار کا لیبل چسپاں نہیں کیا گیا، نجانے اس بار کیا نیا ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔