ٹی 20 کرکٹ، شبیر احمد نے پی آئی اے کی بلند پرواز روک دی

اسپورٹس رپورٹر  پير 8 جولائی 2013
یوبی ایل کی دوسری فتح، فاسٹ بولر کی 5 وکٹیں، حبیب بینک نے واپڈا کو ہرا دیا فوٹو: اے ایف پی

یوبی ایل کی دوسری فتح، فاسٹ بولر کی 5 وکٹیں، حبیب بینک نے واپڈا کو ہرا دیا فوٹو: اے ایف پی

کراچی: شبیر احمد کی  تباہ کن بولنگ کی بدولت یو بی ایل نے پی آئی اے  کو4 وکٹوں سے شکست دے کر پہلے پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

دوسرے میچ میں حبیب بینک نے واپڈا کو 54 رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پی آئی اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  9وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز اسکور کیے، فیصل اقبال 48 رنز اتنی گیندوں پر بناکر نمایاں رہے، انھوں نے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے، سرفراز احمد نے 3 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 23 رنز جوڑے،شعیب ملک دوسری گیند پر ہی شبیر احمد  کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے، شبیر نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا،اختر ایوب نے 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے،جواب میں یوبی ایل نے6وکٹ کے نقصان پرآخری اوور کی پہلی گیند پر ہدف حاصل کر لیا۔

فیصل اطہر 38 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، انھوں نے 5 مرتبہ گیند کو باؤنڈری کی سیر کرائی،آصف علی نے 28 گیندوں پر  36رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور3 چھکے بھی شامل تھے، محمد سمیع نے ایک چھکے کی مدد سے 22 گیندوں پر 22 رنز جوڑے،سلیمان سعید اور روحیل علی نے 2،2وکٹیں اپنے نام کیں، ایک وکٹ شعیب ملک کے ہاتھ لگی۔دوسرے مقابلے میں حبیب بینک نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹ پر 162 رنز بنائے، کپتان یونس خان 54 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 39گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7چوکے بھی جڑے ،اسد بیگ نے 29رنز بنائے ،جواب میں واپڈا کی ٹیم 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ شعیب مقصود 40رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،اسد بیگ نے آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیںبھی لیں،انھیں اس عمدہ کاوش پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔