گیس لوڈشیڈنگ؛ وزارت پیٹرولیم کوغلط معلومات دیئے جانے کا انکشاف

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 22 دسمبر 2018
رپورٹ کی روشنی میں ایم ڈی سوئی نادرن اور سوئی سدرن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، زرائع فوٹو:فائل

رپورٹ کی روشنی میں ایم ڈی سوئی نادرن اور سوئی سدرن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، زرائع فوٹو:فائل

لاہور: اوگرا نے گیس لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انکوائری میں انکشاف کیا ہے کہ وزارت پیٹرولیم کو گیس کی پیداوار کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کی گئیں۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں کے خلاف انکوائری مکمل کر لی ہے۔ اوگرا کی چیئرپرسن عظمی عادل سمیت تین رکنی ٹیم نے وزیراعظم عمران خان کے حکم  پر تحقیقات کیں۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گیس کی پیداوار کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کی گئیں، اور وزارتِ پیٹرولیم کو بتایا گیا کہ گیس کی پیداوار ٹھیک اور ایل این جی بھی سسٹم میں موجود ہے، اس لئے گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی لیکن جب گیس لوڈ شیڈنگ ہوئی تو کہا گیا کہ پریشر کم ہوا ہے لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، جب کہ صوبہ پنجاب اور سندھ  میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی گیس لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی۔

ذرائع وزارت پیٹرلیم کا کہنا ہے کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد رپورٹ وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس کو ارسال کر دی گئی ہے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ایم ڈی سوئی نادرن اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔