کراچی :فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، 2تشددزدہ لاشیں ملیں

اسٹاف رپورٹر  بدھ 22 اگست 2012
سہراب گوٹھ میں باربرشاپ پرملزمان کی فائرنگ،پیپلزپارٹی کاعلاقائی عہدیدار زخمی ۔ فوٹو: فائل

سہراب گوٹھ میں باربرشاپ پرملزمان کی فائرنگ،پیپلزپارٹی کاعلاقائی عہدیدار زخمی ۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور2زخمی ہو گئے جبکہ2 افرادکی تشدد زدہ لاشیں ملیں ۔ تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود مچھرکالونی لالہ ہوٹل کے قریب باربر شاپ پرنامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ عبد اﷲ ہلاک جبکہ اس کا دوست بوستان زخمی ہوگیا۔

ڈی ایس پی افتخار لودھی نے ایکسپریس کو بتایاکہ زخمی ہونے والا بوستان پیپلز پارٹی کا علاقائی عہدیدار ہے جبکہ ہلاک ہونے والے عبد اﷲ افغانی نژاد باشندہ تھا،ملزمان واردات کے بعد مچھرکالونی کی اندرونی گلیوں میں فرارہوگئے تھے تاہم فائرنگ کی اطلاع پرپولیس موقع پر پہنچ گئی تھی اور ملزمان کا تعاقب کرکے ایک کو گرفتار کر لیا،واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے،پیرآباد کے علاقے قصبہ کالونی پراچہ قبرستان میں ایک50 سالہ شخص کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اورلاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔

پولیس کے مطابق مقتول کوملزمان نے نامعلوم مقام سے اغواکرکے تشدد کانشانہ بنانے کے بعد4گولیاں مارکرہلاک کیاتھا،پیرآباد کے علاقے فرنٹیر کالونی ربانی محلہ کچی آبادی میں واقعے ایک مکان میں35 سالہ شخص کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اورلاش کوتحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے عباسی اسپتال پہنچایا پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم افراد نے ازار بند سے گلا گھونٹ کر ہلاک کیاتھا،ڈاکس کے علاقے مچھرکالونی سراج کالونی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے18 سالہ رحیم زخمی ہو گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔