ایڈیشنل آئی جی کی جگہ ڈی آئی جی ایسٹ کولانے کی کوششیں

اسٹاف رپورٹر  پير 8 جولائی 2013
غلام قادر تھیبو نے بااثر افسر کی پسند کے ایس ایچ اوز کی تعیناتی نظرانداز کردی تھی. فوٹو: فائل

غلام قادر تھیبو نے بااثر افسر کی پسند کے ایس ایچ اوز کی تعیناتی نظرانداز کردی تھی. فوٹو: فائل

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی کو تبدیل کر کے ان کی جگہ ڈی آئی جی ایسٹ کو لانے کے لیے با اثر پولیس افسر سرگرم ہوگئے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس کے ایک با اثر افسر کی پسند کے ایس ایچ اوز کی تعیناتی نظر انداز کر دی، ذرائع نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کو تبدیل کر کے ان کی جگہ ڈی آئی جی ایسٹ کیپٹن ریٹائرڈ طاہر نوید کو لانے کے لیے کراچی پولیس کے با اثر پولیس افسر راؤ انوار نے منصوبہ بندی کر لی،ذرائع نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے راؤ انوار کے پسندیدہ پولیس افسران کو ضلع ملیر میں تعینات نہیں کیا، ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل راؤ انوار پولیس ہیڈ آفس آئے تھے اور انھوں نے ضلع ملیر کے تھانوں میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز تعینات کرنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کو لسٹ دی تھی تاہم انھوں نے اس لسٹ کو نظرانداز کر دیا تھا اور ضلع ملیر میں پہلے سے تعینات راؤ انوار کے پسندیدہ ایس ایچ اوز کو بھی تبدیل کر دیا جس پر راؤ انوار بپھر گئے۔

واضح رہے کہ راؤ انوار پیپلز پارٹی کے سابقہ دور حکومت میں بلوچستان سے سندھ پولیس میں اپنا تبادلہ کرایا اس وقت وہ ڈی ایس پی تھے اور انھیں ٹی پی او کیماڑی تعینات کیا گیا جہاں سے ان کی نہ صرف ترقیوں کا آغاز ہوا بلکہ ان پر مبینہ طور پر نوٹوں کی بارش شروع ہو گئی، بعد ازاں انھیں ٹی پی او ملیر تعینات کیا گیا اور پھر ملیر ضلع بننے کے بعد انھیں ایس ایس پی ملیر تعینات کر دیا گیا ، سندھ پولیس میں تعینات ایس ایس پی افسران نے راؤ انوار کی تعیناتی کی وجہ سے نہ صرف ملیر ضلع بلکہ ایسٹ زون سے اپنے تبادلے کرا لیے تھے کیونکہ راؤ انوار نے ضلع ملیر کے ساتھ ساتھ ایسٹ زون کے بھی متعدد تھانوں میں اپنی پسند کے ایس ایچ اوز تعینات کرائے ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔