برساتی نالوں میں کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی،کمشنر

اسٹاف رپورٹر  پير 8 جولائی 2013
 نالوں کی صفائی میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کو گرفتار کرلیا جائیگا،ایڈمنسٹریٹر ہاشم زیدی. فوٹو: فائل

نالوں کی صفائی میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کو گرفتار کرلیا جائیگا،ایڈمنسٹریٹر ہاشم زیدی. فوٹو: فائل

کراچی: برساتی نالوں میں کچرا پھینکنے والوں کا چالان کرنے اور جرمانہ عائد کرنے اور نہر خیام کلفٹن کے دونوں اطراف تجاوزات ختم کرنے اور نرسریوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تجاوزات غیرقانونی نرسریوں ، دکانوں اور پتھاروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا جائے گا اور چند لوگوں اور قبضہ مافیا کی وجہ سے شہر کو برساتی پانی میں ڈوبتا ہوا نہیں دیکھا جاسکتا ہے کارروائی مکمل طور پر بلا امتیاز و تفریق کی جائے گی اور نالوں کی صفائی میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا ان اقدامات کا فیصلہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی اور کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں اور برساتی نالوں کے 6 گھنٹے طویل دورے کے موقع پر کیا۔

دورے میں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈاکٹر سیف الرحمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ آغاپرویز، چیف انجینئر نالہ ابراہیم بلوچ، ڈائریکٹر مشین پول نعمان ارشد، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈی ایم سی ایسٹ اسلم پرویز، ایس پی ایسٹ طارق حسین مغل، اخلاق احمد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ کراچی کے برساتی نالوں کی اسٹڈی رپورٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تو بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔