امریکا میں 20 دن سے سمندر میں پھنسے مچھیروں کو بچالیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 23 دسمبر 2018
مچھلی کے شکار کو جانے والی کشتی سمندر میں راستہ بھٹک گئی تھی۔ فوٹو : ٹویٹر

مچھلی کے شکار کو جانے والی کشتی سمندر میں راستہ بھٹک گئی تھی۔ فوٹو : ٹویٹر

جمیکا: امریکا میں راستہ بھٹکنے کے باعث 20 دن سے کھلے سمندر میں پھنسے 2 مچھیروں کو تشویشناک حالت میں بچالیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مچھلیوں کے شکار پر جانے والی کشتی میں سوار دو مچھیرے سمندر میں راستہ بھٹک جانے کے باعث 20 دن سے کھلے سمندر میں پھنس گئے تھے۔

ایک دوسرا بحری جہاز رائل کیریبیئن بھی 17 دسمبر کو سمندری طوفان میں پھنس جانے کے باعث راستہ بھٹک گیا تھا اور ریڈار سے رابطہ منقطع ہونے کے باعث منزل سے ہٹ گیا۔ بحری جہاز کو گرینڈ کائمن اور جمیکا کے درمیان ایک کشتی تیرتی نظر آئی۔

رائل بحری جہاز کا عملہ دونوں مچھیروں کو بحفاظت کشتی سے نکالنے کے لیے قریب پہنچا، اسی دوران بحری جہاز کا ریڈار سے رابطہ بھی بحال ہوگیا جس پر مچھیروں کے لیے ریسکیو ٹیم بھیجنے کی استدعا کی گئی۔

ریسکیو ٹیم نے مچھیروں کو بحفاظت نکال لیا تاہم خوراک اور پینے کے پانی کی کمی کے باعث مچھیروں کی حالت تشویشناک ہے، فوری طبی امداد کے بعد مچھیروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔