آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری، پاکستان کی بدستور ساتویں پوزیشن

میاں اصغر سلیمی  پير 24 دسمبر 2018
بولنگ میں محمد عباس اور یاسر شاہ ٹاپ ٹین میں شامل

بولنگ میں محمد عباس اور یاسر شاہ ٹاپ ٹین میں شامل

آئی سی سی کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ رینکنگ بھی جاری کر دی گئی۔

طویل طرز کی کرکٹ میں بھارت کا راج ہے، بیٹنگ میں پاکستان کے اظہر علی نویں نمبر پر ہیں، بولنگ میں پاکستان کے 2 بولرز محمد عباس اور یاسر شاہ ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں، محمد عباس چوتھے اور یاسر شاہ دسویں نمبر پر ہیں جبکہ ٹاپ فائیو کی آل راﺅنڈر کیٹگری میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ کی بھی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستان کے اظہر علی نویں نمبر پر ہیں، بھارتی کے ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے ولیم سن دوسرے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے، بھارت کے پجارا چوتھے، انگلینڈ کے جوئے روٹ پانچویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، سری لنکا کے کارونارتنے ساتویں، جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر آٹھویں، پاکستان کے اظہر علی نویں نمبر پر براجمان ہیں۔

بولنگ میں پاکستان کے دو بولرز محمد عباس اور یاسر شاہ ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں، محمد عباس چوتھے اور یاسر شاہ دسویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقا کے رابادا کا راج ہے، انگلینڈ کے اینڈرسن کی دوسری، جنوبی افریقہ کے فلینڈر کی تیسری، پاکستان کے محمد عباس کی چوتھی اور بھارت کے جدیجہ اور ایشون کی بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن ہے۔

آل راﺅنڈر کیٹگری میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ فائیو میں جگہ نہیں بنا سکا۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سرفہرست ہیں، بھارت کے جدیجہ دوسرے، جنوبی افریقہ کے فلینڈر تیسرے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر چوتھے اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان ساتویں پوزیشن پر قابض ہے، بھارت کا طویل طرز کی کرکٹ میں راج ہے، انگلینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے،  نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں ، بنگلہ دیش نویں جبکہ زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔