کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق، 2 مبینہ ٹارگٹ کلرز گرفتار

ویب ڈیسک  پير 8 جولائی 2013
لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی،مندرہ محلہ ،،ہنگورآباد اورکلری میں خوف وہراس کی فضاقائم ہے  فوٹو: فائل

لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی،مندرہ محلہ ،،ہنگورآباد اورکلری میں خوف وہراس کی فضاقائم ہے فوٹو: فائل

کراچی: پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے دعوؤں کے باوجود شہر قائد میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں آج بھی  7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ پولیس نے  2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیو کراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد کو قتل کردیا۔ مقتول پولیس اہلکار کی شناخت اعجاز کھوکھرکے نام سے ہوگئی ہے۔ لیاری کے علاقے رانگی واڑہ میں نامعلوم افراد گولیوں سے چھلنی لاش پھینک کر فرار ہو گئے، اولڈ سٹی ایریا کے علاقے گھانچی پاڑہ اور ڈیفنس فیز ٹو کچرا کنڈی سے دو افراد کی تتشدد زدہ لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کے کے ہلاک کیا گیا اس کے علاوہ عسکری پارک کے عقب میں بسمہ اللہ ہوٹل والی گلی سے بھی ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے، بنارس پل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا پولیس نے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔

لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی،مندرہ محلہ ،،ہنگورآباد اور کلری میں خوف وہراس کی فضا قائم ہے، پولیس اور رینجرزکی موجودگی کے باوجودلوگ گھروں میں محصور جبکہ کاروبار اور دکانیں بند ہیں۔

دوسری جانب سکھن پولیس نے لانڈھی کے علاقے لیبر اسکوائر میں چھاپے کے دوران 2 ٹارگٹ کلرز مختاراور زاہد جان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس کے مطابق دونوں اجرتی قاتل ہیں اور قتل و اقدام قتل کے علاوہ  دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔