احتساب عدالت کا فیصلہ، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، حصص کی مالیت میں 26 ارب کا اضافہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 دسمبر 2018
133 کمپنیوں کے شیئرز مہنگے، 165 کمپنیوں کے شیئرز کے بھاؤ گرگئے،
 فوٹو:فائل

133 کمپنیوں کے شیئرز مہنگے، 165 کمپنیوں کے شیئرز کے بھاؤ گرگئے، فوٹو:فائل

 کراچی: احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو متواتر تیسرے کاروباری سیشن میں بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس کی38300کی نفسیاتی حدبحال ہو گئی۔

تیزی کے نتیجے میں حصص کی مالیت میں 26 ارب33 کروڑ روپے سے زائدکا اضافہ ہوا تاہم کاروباری حجم گذشتہ روز جمعہ کی نسبت 42.74فیصدکم رہا۔ تیزی کے باوجود 50 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ پیر کو ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاری کے بیشتر شعبے احتساب عدالت کے فیصلے کے منتظر تھے جس کی وجہ سے انھوں نے اپنی خریداری سرگرمیاں محدود رکھیں یہی وجہ ہے کاروباری دورانیے میں ایک  موقع پر کے ایس ای100انڈیکس37936پوائنٹس کی نچلی سطح پرآگیا تھا تاہم بعد دوپہر احتساب عدالت کا فیصلہ آتے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھ گئیں جس سے مندی تیزی میں تبدیل ہوگئی۔

سرمایہ کاروں نے فاطمہ فرٹیلائزر اور کے الیکٹرک کے حصص میں نمایاں خریداری کی جبکہ فرٹیلائزر، توانائی، بینکنگ اور سیمنٹ سمیت دیگرشعبوں میں نچلی سطح پرآئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی جس سے کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر 38336پوائنٹس کی سطح پر بھی چلاگیا تھا تاہم ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدر پر دباؤ کے باعث مقامی سرمایہ کار متذبذب نظرآئے۔ پیرکومارکیٹ میں صرف7کروڑ 46 لاکھ  شیئرزکا کاروبار ہوا تاہم اتارچڑھاؤکا سلسلہ سارادن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 57.88 پوائنٹس اضافے سے 38308.92پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر 330 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤکے حساب سے پاک ٹوبیکو کے حصص سرفہرست رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔