چین میں ہائی جیکر نے بس راہگیروں پر چڑھا دی، 5 ہلاک اور 21 زخمی

ویب ڈیسک  منگل 25 دسمبر 2018
پولیس نے ہائی جیکر کو مقابلے کے بعد حراست میں لے لیا۔ فوٹو : ٹویٹر

پولیس نے ہائی جیکر کو مقابلے کے بعد حراست میں لے لیا۔ فوٹو : ٹویٹر

شنگھائی: چین میں چاقو بردار شخص نے مسافر بس اغوا کر کے فٹ پاتھ پر کھڑے راہگیروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں شنگھائی کے جنوب میں صوبے فوجیان میں چاقو بردار حملہ آور نے مسافر بس کو ہائی جیک کرکے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی اور تیز رفتار بس سے فٹ پاتھ پر کھڑے شہریوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔

حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ 5 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس نے چاقو بردار زخمی حملہ آور کو حراست میں لے لیا تھا تاہم ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے جب کہ میڈیا کو بھی حادثے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں اور نہ ہی ہلاک و زخمی افراد کی فہرست دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجن بھر چینی پولیس کے اہلکار حملہ آور کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ حملہ آور تیز دھار چاقو کے ذریعے مزاحمت کر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔