چیمپئن کا تاج لاہور وائٹس کے سر سج گیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 26 دسمبر 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور:  قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن کا تاج لاہور وائٹس کے سرسج گیا سنسنی خیز فائنل میں راولپنڈی کو2 وکٹ سے مات ہوئی ناکام ٹیم نے ابتدائی نقصانات سے سنبھلتے ہوئے 8 وکٹ پر 162کا مجموعہ حاصل کیا نوید ملک44، زاہد منصور30، حماد اعظم 22اور محمد نواز 21رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

عمید آصف اور عماد بٹ نے 2،2 شکار کیے فاتح سائیڈ اچھے آغاز کے بعد 77سے 97تک کے سفر میں 4وکٹیں گنواکر مشکل میں آئی،ناقابل شکست 35رنز بنانے والے سیف بدر نے ٹیل اینڈرز کی معاونت سے بازی پلٹ دی، لاہور وائٹس نے ہدف 4گیندیں قبل 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،کامران اکمل42اور عمراکمل 34کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، حماد اعظم کی 3وکٹیں کسی کام نہ آئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں راولپنڈی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

دوسرے ہی اوور میں حیدر علی(4)کی اننگز عمید آصف نے علی خان کی معاونت سے تمام کردی، کپتان عمر امین نے 11 رنز بنائے تھے کہ ظفر گوہر نے بلا ل آصف کا کیچ بنوا دیا، ٹیم کی ففٹی مکمل ہوتے ہی سعود شکیل5 بھی چلتے بنے، انھیں وہاب ریاض نے سیف بدر کی مدد سے دھر لیا، دوسرے اینڈ سے مسلسل سکور کرنے والے نوید ملک( 44) رن آؤٹ ہو گئے، محمد نواز 21رنز کا سہارا دینے کے بعد عمید آصف اور بلال آصف کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 105 تھا، زاہد منصور 30کو عماد بٹ نے ایل بی ڈبلیو کیا، پیسر نے جمال انور(10) کو رن آؤٹ کرکے حریف کوایک اور نقصان پہنچایا، حماد اعظم 22 رنز بنانے کے بعد عماد بٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو اننگز کی صرف ایک گیند باقی تھی، راولپنڈی نے 8 وکٹ پر 162کا مجموعہ پایا، سہیل تنویر4 اور خالد عثمان ایک پرناٹ آؤٹ رہے۔

عمید آصف اورعماد بٹ نے 2،2، ظفرگوہر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں لاہور وائٹس نے بہتر آغاز کیا، سلمان بٹ(13)کو محمد نواز نے ایل بی ڈبلیوکیا توٹیم کا اسکور 42 تھا، کپتان کامران اکمل31 گیندوں پر 42 رنز بنانے کے بعد حماد اعظم کا شکار بنے، کیچ عمر امین نے لیا، پیسر نے کھاتہ کھولنے سے قبل ہی ذیشان اشرف کی بیلز بھی فضا میں بکھیر دیں، سیمی فائنل میں چھکے چھڑانے والے علی خان صرف 5 پر رن آؤٹ ہو گئے، زاہد منصور نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھام کر عمراکمل 34 کورخصتی کا پروانہ جاری کیا تو ٹیم کا اسکور97 اور صرف 20رنز کے سفر میں 4وکٹیں گرنے کے بعد فتح مشکل نظر آنے لگی تھی، وہاب ریاض نے صرف 9 گیندوں پر 18کی اننگز کھیل کر مایوسی کو امید میں بدلا، سیف بدر کا ساتھ دینے کیلیے آنے والے ظفر گوہر(2) رن آؤٹ ہوگئے، بلال آصف1نے حماد اعظم کی گیند پر خالد عثمان کو کیچ دیا۔

19ویں اوور میں سیف بدر نے 2اور عماد بٹ نے ایک چھکا جڑکرمہم آسان بنائی، لاہور وائٹس نے ہدف 4گیندیں قبل ہی حاصل کر کے 2 وکٹ سے فتح گلے لگائی، سیف بدر 35اور عمادبٹ 12 پر ناقابل شکست رہے۔ حماد اعظم 3 شکار کرنے کے باوجود اپنی ٹیم کی ناکامی کارخ نہیں موڑ سکے، خالد عثمان، محمد نواز اور زاہد منصور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فتح گر اننگز کھیلنے والے سیف بدر فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔